زکریا یونیورسٹی : انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیرِ اہتمام سپورٹس گالا 2024 کی افتتاحی تقریب
ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر احمد تسمان پاشا نے کہا ہے کہ نصابی کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں سے طلباء وطالبات میں چھپی ہوئی خداداد صلاحیت ابھر کر سامنے آتی ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں الفلاح انسٹیٹیوٹ آف بنکنگ اینڈ فنانس کے زیرِ اہتمام سپورٹس گالا 2024 کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد حارث ،ڈاکٹر محمد عرفان، راعمہ عدیل، میڈم ہما میڈم مریم ودیگر فیکلٹی ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
ڈاکٹر احمد تسمان پاشا کا مزید کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ معیاری تفریحی سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے اور اس ادارے کے فارغ التحصیل طلباء وطالبات ملک بھر کے اہم اداروں میں نمایاں پوزیشنز پر ادارے کے سفیر بنے ہوئے ہیں ۔
تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شاہ (ستارہ امتیاز تمغہ امتیاز) تھے۔ سپورٹس ویک کے پہلے دن پہلے دن کرکٹ، فٹ بال، ہاکی ، بیڈمنٹن اور ٹگ آف وار کھیلی گئیں۔ اس ایونٹ کو طلباء وطالبات نے خوب انجوائے کیا۔