امتحانی نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرنے کا فیصلہ

تعلیمی نظام میں طلباء کی صلاحیتوں، سمجھ اور تجزیاتی سوچ کو بہتر انداز میں جانچنے کے لیے امتحانی نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا اور چیئرمین ٹاسک فورس مزمل محمود کی ہدایت پر تمام تعلیمی بورڈز میں اصلاحات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ نئے پیپر پیٹرن کے تحت سوالیہ پرچے مختلف گریڈز اور ڈیفیکلٹی لیولز کے مطابق تیار کیے جائیں گے، 40 نمبروں کا حصہ آسان نوعیت کے سوالات پر مشتمل ہوگا، سوالیہ پرچہ میں اگلے مرحلے کے سوالات 10، 10 نمبروں کے حساب سے مشکل ہوں گے۔
طلباء کی تجزیاتی اور فکری صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے مکمل نیا کیمبرج طرز کا پیپر پیٹرن متعارف کرایا جائے گا، تمام پیپر سیٹرز کو کیمبرج کے ذریعے تربیت دی جائے گی تاکہ وہ نئے نظام کے مطابق سوالات تیار کر سکیں، پہلے سال پیپر سیٹرز پرانے طریقہ کار کے مطابق پرچے بناتے رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی کیمبرج کے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا تاکہ نئے پیپر پیٹرن کو ہر تعلیمی بورڈ میں نافذ کیا جا سکے۔




















