بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈز کے لیے انتخاب کا عمل شروع

پاکستان کے نوجوان سائنس دانوں اور ریاضی دانوں کی بین الاقوامی سطح پر صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پی آئی ای اے ایس) کے مشترکہ ادارے "ایس ٹی ای ایم کیریئرز پروگرام” نے 23 ویں قومی سائنس ٹیلنٹ مقابلے (این ایس ٹی سی-23) کے ذریعے پاکستانی ٹیموں کی بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈز کے لیے انتخاب کا عمل شروع کر دیا ہے۔
یہ مقابلہ طلبہ کو بائیالوجی، کیمسٹری، ریاضی اور فزکس کے شعبوں میں جولائی 2027 میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈز میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع فراہم کرے گا۔
قومی سائنس ٹیلنٹ مقابلہ (این ایس ٹی سی) دراصل 1996 میں شروع ہونے والے قومی فزکس ٹیلنٹ مقابلے (این پی ٹی سی) کی توسیع ہے، جس کے تحت پاکستان نے 2001 سے بین الاقوامی اولمپیاڈز میں حصہ لینا شروع کیا۔
ایچ ای سی کی مسلسل سرپرستی میں پاکستان نے 2025 تک ان مقابلوں میں 2 گولڈ، 8 سلور، 72 کانسی کے تمغے، 66 اعزازی ایوارڈز، ایک میرٹ سرٹیفیکیٹ اور 3 خصوصی ایوارڈز سمیت کل 159 میڈلز حاصل کیے ہیں۔
این ایس ٹی سی-23 میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ تمام اسکولوں اور کالجوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہونہار طلبہ کو اس مقابلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دیں اس پروگرام کے لیے اپنے ادارے سے ایک رابطہ شخص (فوکل پرسن) مقرر کریں تاکہ آئندہ رابطے اور تعاون میں آسانی ہو۔




















