"ہائی ڈائمینشنل سٹیٹسٹیکل لرننگ ود آر مارک ڈاؤن : جین ایکسپریشن ڈیٹا کیس اسٹڈیز” کے عنوان سے ایک روزہ علمی سمینار

ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ شماریات "ہائی ڈائمینشنل سٹیٹسٹیکل لرننگ ود آر مارک ڈاؤن: جین ایکسپریشن ڈیٹا کیس اسٹڈیز” کے عنوان سے ایک روزہ علمی سمینار منعقد ہوا۔
ترجمان کے مطابق سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی، سمینار میں سویڈن کی لُنڈ یونیورسٹی کے شعبہ شماریات کے کورس ڈائریکٹر و لیکچرر ڈاکٹر محمد قاسم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور موضوع پر نہایت ہی بصیرت افروز، تحقیقی اور منظم لیکچر دیا۔
ڈاکٹر محمد قاسم نے اپنے لیکچر میں ہائی ڈائمینشنل ڈیٹا (اعلیٰ الاطراف ڈیٹا) کے تجزیے کے جدید شماریاتی طریقوں، خاص طور پر جین ایکسپریشن اور بایو میڈیکل کیس اسٹڈیز پر تفصیلی روشنی ڈالی، انہوں نے موضوع کی ابتدا ہائی ڈائمینشنل ڈیٹا کی اہمیت اور اس سے وابستہ چیلنجز، جیسے کہ "لعنتِ ابعاد” (کرس آف ڈائمینشنلٹی) سے کی اس کے بعد انہوں نے جدید حل مثلاً ریگولرائزڈ رجریشن اور کراس ویلیڈیشن کے ذریعے ماڈل سلیکشن پر سیر حاصل گفتگو کی۔
سمینار کا اہم حصہ آر مارک ڈاؤن کے عملی استعمال کا مظاہرہ تھا، جس کے ذریعے ڈاکٹر قاسم نے واضح کیا کہ کیسے محققین اپنے تجزیے، کوڈز اور رپورٹنگ کو ایک ہی دستاویز میں یکجا کرکے شفاف اور قابلِ تکرار تحقیقی کام کر سکتے ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے ڈاکٹر محمد قاسم کی شاندار علمی خدمات اور رہنمائی کے اعتراف میں انہیں یادگاری ڈھال پیش کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے علمی پروگرام یونیورسٹی میں تحقیقی رجحان کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، مستقبل میں ایسے ہی علمی و تحقیقی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
شعبہ شماریات کی چیئرپرسن ڈاکٹر طاہرہ بانو قاسم نے نے جدید شماریاتی لرننگ اور قابلِ تکرار تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات یونیورسٹی میں تحقیقی کلچر کو مضبوط بناتے ہیں اور طلباء کو جدید ڈیٹا ڈرائیون چیلنجز کے لیے تیار کرتے ہیں۔
شعبہ مستقبل میں بھی ایسے علمی پروگراموں کے انعقاد کا عزم کرتا ہےتاکہ تحقیقی فضیلت، تجزیاتی مہارتوں اور قومی و بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔
اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر ثمینہ اختر، عشرت ریاض اور طالبات کی بڑی تعدا د موجود تھی۔




















