ملتان کے دو اور کلبوں نے پی سی بی کا ماڈل آئین قبول کرلیا
القاسم کرکٹ کلب کا اجلاس مسلم کالج پیر اسماعیل کیمپس میں زیر صدارت محمد سلیم تونسوی منعقد ہوا۔
اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ماڈل آئین کو متعارف کرایا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ کلب کے آئندہ کےمعاملات اسی آئین کے مطابق چلائے جائیں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری کلب فاروق اسلم نے پی سی بی کے آئین کو پڑھ کر سنایا اور متفقہ طور پر آئین کو تسلیم کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں دس رکنی جنرل باڈی منتخب کی گئی جس میں محمد سلیم ،نعیم عارف، ہمایوں سکندر، آصف رشید ،حسنین اطہر ، عرفان ڈوگر، فاروق اسلم ،مشتاق نور سلیم کوثر اور عبدالمنان شامل ہیں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پانچ اکتوبر کو کلب کے عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا، جس میں کلب کے صدر اور خزانچی کا انتخاب ہو گا۔
اس سلسلے میں سلیم کوثر کو الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے ،الیکشن میں کلب کا کوئی بھی ممبر صدر یا خزانچی کے لیے اپنی دستاویزات الیکشن کمشنر سلیم کوثر کوجمع کرواسکتا ہے، کلب کے صدر محمد سلیم تونسوی نے پی سی بی کے آئین کو مثالی قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل آئین سے کلب کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔
عبدالحفیظ میموریل کرکٹ کلب کا اجلاس گزشتہ روز ہوا ،جس میں پی سی بی کے ماڈل آئین کو تسلیم کیا گیا ۔
اس موقع پر کلب کی جنرل با ڈی بنائی گئی، اجلا س میں پانچ اکتوبر کو کلب کے الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا گیا ،کلب کے صدر رانا عبدالرؤف نے ماڈل آئین کی افادیت کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ماڈل آئین کی روشنی میں آئندہ کلب کے تمام عمل طے کئے جائیں گے۔