زرعی یونیورسٹی میں کھیلوں کے مقابلے سج گئے
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں پانچ روزہ سپورٹس گالا شروع، سپورٹس گالا کا افتتاح وائس چانسلر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی اور وائس چانسلر جامعہ زرعیہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی(تمغہ امتیاز)نے کیا۔
اس موقع پر دونوں وائس چانسلرز نے سپورٹس گالا کا کیک کاٹا، اس کے بعد تمام ٹیموں سے تعارف کروایا گیا۔
سپورٹس گالا کے پہلے روز لڑکیوں کے درمیان سلو سائکلنگ ریس، تھری لیگ ریس اور لڑکوں کے درمیان کبڈی میچ کا انعقاد کیا گیا۔
کبڈی میچ زرعی یونیورسٹی ملتان کی گرین ٹیم نے جیت کر اپنے نام کیا۔تھری لیگ ریس میں صوبیہ بی بی اور فرح نے کامیابی سمیٹی۔
سلو سائیکلنگ ریس میں زہرا بتول نے کامیابی حاصل کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے طلباء و طالبات کی کھیلوں کی ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اکیسویں صدی کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
مزید انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کو مبارکباد دی کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ سپورٹس گالا کا انعقاد کروا کر ملتان اور گردونواح کے طلباء طالبات کے لیے پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ سپورٹس مین سپرٹ کھلاڑیوں کے اندر ہار،جیت ماننے کا جذبہ اور ٹیم ورک پیدا کرتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ سپورٹس طلباء و طالبات کی ذہنی صلاحیت کو بہتر کرنے کے لئے بھی کار آمد ہے۔
مزید کہا کہ سپورٹس گالا کا مقصد نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف روجہان دلا کر ذہنی و جسمانی نشوونما پیدا کرتی ہے۔
کھیلیں نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی نشونما کے ساتھ ساتھ شخصیت میں نکھار اور کردار میں پختگی پیدا کرتی ہیں۔صحت مند معاشرے کو فروغ دینے میں کار أمد ثابت ہوتی ہیں۔
طلباء و طالبات کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ایسی سرگرمیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔سپورٹس گالہ میں لڑکیوں کی نمائندگی دیکھ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے کیوں کہ لڑکیوں کو کھیلوں کے میدان میں بھی تعلیم کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
(ایڈیشنل سیکریٹری ایگریکلچر ٹاسک فورس جنوبی پنجاب) امتیاز احمد وڑائچ نے کہا کہ مجھے آج زرعی یونیورسٹی ملتان میں نوجوانوں خصوصاً لڑکیوں کو کھیلوں کے میدان میں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔لڑکیاں تعلیمی میدان میں بھی لڑکوں سے آگے آگے ہیں ۔اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کھیلوں کے میدان میں بھی لڑکیاں لڑکوں سے پیچھے نہیں۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید،پروفیسر ڈاکٹر مبشر مہدی ،پروفیسر ڈاکٹر حماد ندیم طاہر، عمران محمود،محمد رفیق فاروقی،ڈائریکٹر سپورٹس اقبال،ڈاکٹر عثمان جمشید،ڈاکٹر مرزا عابد،ڈاکٹر فواد احمد خان ظفر سمیت دیگر فیکلٹی و سٹاف سمیت طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔