زکریا یونیورسٹی : ایک اور طالبہ کو ہراساں کرنے کا واقعہ منظر عام پر آگیا
جامعہ زکریا ملتان میں طالبہ کے ساتھ ایک اور ہراساں کرنے کا واقعہ سامنے آ گیا، طالبہ کی درخواست پر یونیورسٹی انتظامیہ نے پروفیسر کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔
اس بارے میں معلوم ہوا ہے کہ زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ فزکس میں بی ایس آٹھویں سمسٹر کی طالبہ مومنہ نے درخواست دی ہے کہ زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ فزکس کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فیاض حسین نے ان کو ہراساں کیا ہے اور ایک بار وہ ایک فنکشن میں جانے لگیں تو ڈاکٹر فیاض حسین نے اس کے ساتھ نازیبا الفاظ کا استعمال کیا اور اس کو کہا کہ پہلے تم ہاسٹل جاؤ اور اس کے بعد میرے پاس آجاو۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے ڈاکٹر فیاض حسین نے طالبہ کے انکار پر اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں اور طالبہ کو پہلے بھی مختلف اوقات میں ہراساں کیا ہے۔
طالبہ مومنہ اقبال کی درخواست پر زکریا یونیورسٹی کی ہراسمنٹ کمیٹی نے مذکورہ طالبہ اور ڈاکٹر فیاض حسین کو طلب کیا ہے اور اس حوالے سے متاثرہ طالبہ کو بھی کہا گیا ہے وہ اس حوالے اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو وہ بھی ہمراہ لے کر آئیں۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ طالبہ مومنہ اقبال نے اس بارے خاتون محتسب کو بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اسی طالبہ نے ویمن ڈے کے موقع پر ہونے والے ایک سیمینار کے دوران اپنی شکایت پیش کی تھی کہ ڈین آف سائنسز بھی ان کی درخواست وصول نہیں کررہا ہے، ایسے میں کیسے انصاف ملے گا ، جس پر وائس چانسلر نے نوٹس لیتے ہوئے کیس شروع کیا ۔