پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں چیئرمین، سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات تعینات کرنے کافیصلہ، درخواستیں طلب کرلی گئیں

محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے تعلیمی بورڈز میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر تقرری کے لیے باقاعدہ درخواستیں طلب کرلیں، جس کے تحت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین، سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کی آسامیوں پر اہل اور تجربہ کار افسران سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
یہ تقرریاں بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، ملتان، راولپنڈی، ساہیوال اور سرگودھا کے تعلیمی بورڈز میں کی جائیں گی، جس کا مقصد امتحانی نظام اور تعلیمی انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔
جاری مراسلے کے مطابق چیئرمین کے عہدے کے لیے امیدوار کا کم از کم ایم اے یا ایم ایس سی (سولہ سالہ تعلیم) کا حامل ہونا ضروری ہے، جبکہ اعلیٰ تعلیمی قابلیت رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی، امیدوار کی عمر درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ تک 56 سال سے کم ہونی چاہیے اور پنجاب کا ڈومیسائل لازم قرار دیا گیا ہے۔
مزید برآں امیدوار کا سول سرونٹ ہونا ضروری ہے جو بی ایس 19 یا 20 اور اس سے اوپر کے گریڈ میں خدمات انجام دے رہا ہو، یا پھر کسی سرکاری ادارے یا اعلیٰ تعلیمی ادارے میں اسی گریڈ میں تعینات ہو۔
امیدوار کے پاس کم از کم تین سال کا قابلِ تصدیق غیر تدریسی، انتظامی یا مینجمنٹ تجربہ ہونا بھی لازمی ہے، جبکہ امتحانی بورڈ میں خدمات انجام دینے کا تجربہ رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔
سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کی آسامیوں کے لیے بھی کم از کم ایم اے یا ایم ایس سی (16 سالہ تعلیم) کی شرط عائد کی گئی ہے، جبکہ زیادہ تعلیم یافتہ امیدواروں کو فوقیت حاصل ہو گی، ان عہدوں کے لیے امیدوار کے پاس ریٹائرمنٹ سے قبل کم از کم چار سالہ سروس باقی ہونا ضروری ہے اور کم از کم ایک سال کا قابلِ تصدیق انتظامی تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
امیدوار کا سول سرونٹ ہونا (بی ایس 18 یا 19) یا کسی سرکاری ادارے، بشمول اعلیٰ تعلیمی ادارے، میں اسی گریڈ میں خدمات انجام دینا شرط ہے۔
اشتہار کے مطابق وہ امیدوار جنہوں نے ایک مدت (ٹینور) مکمل کر لی ہو، وہ دوبارہ درخواست دے سکتے ہیں، تاہم دو مدتیں مکمل کرنے والے امیدوار درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے مطابق چیئرمین، سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کی تقرری کی مدت تین سال ہو گی یا مجاز اتھارٹی کی صوابدید تک جاری رہے گی، تاہم کارکردگی کا سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔
تنخواہ اور مراعات کے حوالے سے چیئرمین کے لیے خصوصی “چیئرمین بی آئی ایس ای الاؤنس” جبکہ سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کے لیے “آفیسرز الاؤنس” دیا جائے گا، جو بنیادی تنخواہ کے علاوہ قابلِ ادائیگی ہو گا۔
پی اے ایس یا پی ایم ایس افسران کو دورانِ تعیناتی ایگزیکٹو الاؤنس بھی بدستور ملتا رہے گا، جبکہ دیگر افسران کو مقررہ خصوصی الاؤنس تنخواہ و دیگر مراعات کے ساتھ دیا جائے گا۔
تقرری کی تمام شرائط و ضوابط ڈیپوٹیشن پالیسی 1998 (ترامیم کے ساتھ) کے تحت طے کی جائیں گی۔درخواست دینے کے خواہشمند امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی ویب سائٹ پر دستیاب مقررہ پروفارما پر درخواست جمع کروائیں۔
درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد، ڈگریوں اور ڈپلوموں کی مصدقہ نقول، انتظامی یا غیر تدریسی تجربے کے سرٹیفکیٹس، اس امر کا سرٹیفکیٹ کہ امیدوار کے خلاف کسی عدالت یا ادارے میں کوئی انکوائری یا مقدمہ زیرِ سماعت نہیں، تفصیلی کریکولم ویٹائے، این او سی، تین عدد حالیہ پاسپورٹ سائز تصاویر اور دیگر مطلوبہ دستاویزات منسلک کرنا لازم ہو گا۔
درخواستیں ایچ ای ڈی کے دفترمیں پروفارما اور مکمل دستاویزات کے ساتھ 31 دسمبر 2025 شام 5 بجے تک پہنچ جانا ضروری ہیں۔ مقررہ تاریخ اور وقت کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے حکام کے مطابق ان تقرریوں سے صوبے کے تعلیمی بورڈز میں امتحانی اور انتظامی امور کو مزید بہتر، شفاف اور منظم بنانے میں مدد ملے گی۔




















