میٹرک امتحانات 2024 : امتحانی عملے کا نویں کی امیدواروں کے ساتھ ناروا سلوک
تعلیمی بورڈ ملتان کے زیر اہتمام میٹرک(نویں جماعت) کے امتحان میں امتحانی عملہ کی جانب سے امیدواروں کے ساتھ ناروا سلوک ،سوالیہ پرچہ تاخیر سے تقسیم اور مقررہ وقت سے قبل ہی جوابی کاپیوں کی وصولی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
گزشتہ روز بھی گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین چونگی نمبر 14 کے سنٹر میں ایسی ہی شکایات سامنے آئیں۔
بتایا گیاہے کہ اس سنٹر میں بیالوجی کا (انشائیہ) پرچہ 25،منٹ کی تاخیر سے تقسیم کیا گیا، جس سے امتحان میں شریک طالبات کو ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، بعض امیدواروں نے الزام عائد کیا کہ مقررہ وقت ختم ہونے سے قبل ہی جوابی کاپیاں عملہ نے ہم سے چھین لیں، جب نگران عملہ کو بتایا گیا کہ ابھی وقت رہتا ہے تو انہوں نے ناروا سلوک کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ سنٹر ہی میں دو طالبات کو ایک ہی سیریل نمبر کی جوابی کاپیاں دے دی گئیں، جب کہ ہر جوابی کاپی کا سیریل نمبر دوسری جوابی کاپی سے مختلف ہوتا ہے۔
اس حوالے سے رابطہ کرنے پر کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ ملتان ڈاکٹر فدا حسین نے جنگ کو بتایا کہ ہر جوابی کاپی پر امیدوار کا اپنا ایک ٹیگ ہوتا ہے، سیریل نمبر ایک ہونا پرنٹنگ کی غلطی ہوسکتی ہے، تاہم ان شکایات کی چھان بین کرائی جائے گی، امیدواروں سے ناروا سلوک کے مرتکب امتحانی عملہ کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔