زکریا یونیورسٹی کا چھ ارب کا بجٹ منظور
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا ، جس میں ایڈیشنل ٹریژار صفدر عباس لنگاہ ، پروفیسر ڈاکٹر محمد علیم خان، پروفیسر ڈاکٹر حنیف اختر، ڈاکٹر فواد رسول ، ڈاکٹر ارسلان صدیقی، ممبر فنانس حکومت پنجاب شہسوار ، ڈاکٹر آسیہ ذوالفقار، ڈپٹی ٹریژار شہلا گل نے بطور ممبر شرکت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ٹریژار صفدر عباس لنگاہ نے مالی سال 2023-24 کے لیے ساڑھے چھ ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیاگیا ۔
مالی سال بجٹ میں خسارے کا تخمینہ 62 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، حکومت کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی گئی۔
ریسرچ کے بجٹ کو بڑھانے اور اساتذہ کرام کے لیکچر ز کے اعزازیہ میں اضافے کی بھی باقاعدہ منظوری دی گئی ۔
اجلاس میں بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے معذور ملازمین کے الاؤنس میں چار ہزار روپے اضافہ کردیا گیا، جبکہ چند باقی ماندہ گارڈز کو رسک الاؤنس دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں شہداء کے بچوں کی فیسوں کو معاف کردیا گیا، جبکہ بطور قیدی سٹوڈنٹس زکریا یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے والے قیدیوں کی فیس بھی معاف کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ماسٹر لیول پر زیر تعلیم ایک ٹرانسجینڈر طالبعلم کی فیس بھی معاف کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیکلٹی آف لینگویجز اور سوشل سائنسز میں بھی فیسیں کم کرنے کی منظوری دی گی ۔
یونیورسٹی پنشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے اور سٹوڈنٹس کے لیے انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری دی گئی، اوران فنڈز میں مقررہ رقم مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی ۔
اجلاس میں ٹیچرز کے مختلف بقایاجات الاؤنسز اور ان کے پارٹ ٹائم اعزازیہ میں اضافہ کی بھی منظوری دی گئی۔