زکریا یونیورسٹی ملتان : شعبوں کے سربراہان کو اپنے موبائل فون 24 گھنٹے آن رکھنے کی ہدایت

زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی انتظامی فعالیت میں بہتری اور اعلیٰ سرکاری اداروں کے ساتھ بروقت رابطہ کاری کے پیشِ نظر ایک اہم ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس کے تحت ڈینز، پرنسپلز، ڈائریکٹرز، چیئرپرسنز، ایس ایم ٹیز، پرنسپل آفیسرز اور دیگر تمام افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون ہر وقت آن اور قابلِ رسائی رکھیں، خصوصاً اختتامِ ہفتہ کے دوران۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر ادارے اکثر فوری نوعیت کی معلومات طلب کرتے ہیں جنہیں فوراً فراہم کرنا ضروری ہوتا ہے، لہٰذا کسی بھی افسر سے رابطہ نہ ہو پانے کی صورت میں یونیورسٹی کے انتظامی امور متاثر ہو سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس احکامات کی سختی سے پابندی کریں تاکہ یونیورسٹی کی ساکھ، کارکردگی اور سرکاری اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ ہموار رکھا جا سکے۔


















