زکریا یونیورسٹی کی سیکورٹی کو غیر سیاسی کرنے کا مطالبہ سامنے آگیا
زکریا یونیورسٹی میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کو غیر سیاسی کرنے کا مطالبہ سامنے آگیا۔
تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی کی سیکورٹی کی نااہلی کی وجہ سے چوریوں کا سلسلہ طویل ہوگیا ہے، گزشتہ روز بھی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پارکنگ سٹینڈ سے موٹر سائیکل چوری کی اطلاعات موصول ہوئی، جس پر سیکورٹی حکام کا کہنا تھا کہ یہ موٹر سائیکل لاوارث سمجھ کر کنٹرول میں لے لی گئی تھی۔
علاوہ ازیں مرکزی گیٹ پر ایک بیلدار شوکت اور سیکورٹی اہلکار رانا مشتاق میں جھڑپ ہوگئی جس کو سیاسی چپقلش کا شاخسانہ قرار دیا جارہا ہے، جس پر یونیورسٹی کے اساتذہ ، آفیسرز کی طرف سے سیکورٹی برانچ کو غیر سیاسی کرنے کا مطالبہ سامنے آگیا ہے۔
ان کا کہنا ہےکہ یونیورسٹی کی سیکورٹی میں اس وقت غفلت پیدا ہوئی جب سیاسی مداخلت بڑھ گئی، اس وقت گروپوں کی سیاست کی وجہ سے کوئی بھی اہلکار ڈیوٹی کرنے کا تیار نہیں ہے، کوئی اہلکار اپنے مقرر پوائنٹ پر موجود نہیں ہوتا ، پارکنگ سٹینڈ میں کوئی اہلکار ڈیوٹی دینے کو تیار نہیں ہے۔
دنیا میں کوئی ایسا قانون نہیں ہے کہ سیکورٹی فورسز سیاسی طور پر متحرک ہوں، اس لئے یونیورسٹی سیکورٹی کو غیر سیاسی کیا جائے، اس کے ووٹ پاور کو ختم کیا جائے تاکہ سیکورٹی اہلکار کوئی بھی سیاسی فائدہ اٹھا کر ڈیوٹی سے فرار نہ ہوسکیں۔
ہمارا وائس چانسلر سے مطالبہ ہے کہ سیکورٹی کا فوری طور پر یونیورسٹی میں سیاسی کردار ختم کیا جائے تاکہ کیمپس کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جاسکے ۔