ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر کی گراں قدر تعلیمی خدمات لائق تحسین ہیں : سی ای او ایجوکیشن

سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا ہے کہ سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن ساؤتھ پنجاب ملتان ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر کی گراں قدر تعلیمی خدمات لائق تحسین ہیں، ان کی علمی، ادبی، انتظامی اور تعلیمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر کے ریٹائرمنٹ کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان کی جانب سے منعقدہ الوداعی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن ساؤتھ پنجاب حنا چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم ساؤتھ پنجاب خواجہ مظہر الحق، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر سکینڈری سکولز منور حسین کمال، ڈی ای او ایلیمنٹری زنانہ سکولز ملتان مسز نزہت پروین اور ڈپٹی ڈی ای او تحصیل سٹی ملتان عفت مسعود بھی موجود تھیں۔
سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمت سے باعزت ریٹائرمنٹ کسی اعزاز سے کم نہیں۔ ڈاکٹر عبید اللہ کھوکھر نے دوران سروس مثبت مقاصد کے حصول کے لیے شاندار خدمات سرانجام دیں۔ وہ ایک قابل فخر انسان اور انتظامی لحاظ سے بہترین منتظم تھے ۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر عبید اللہ کھوکھر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور نسل نو کی تعلیمی تربیت میں اساتذہ کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے۔ اساتذہ اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے سر انجام دے کر ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ ماضی کے مقابلے میں اج بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی میں حکومت کا کردار قابل تعریف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملتان علم، ادب اور ثقافت کا عظیم مرکز ہے۔ ملتان تعلیمی لحاظ سے زرخیز خطہ ہے ملتان سے میری ریٹائرمنٹ میرے لیے باعث اعزاز و فخر ہے۔ ملتان کے لوگ ادب، احترام اور مہمان نوازی سے اپنا منفرد مقام رکھتے ہیں۔
اس سے قبل سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے مہمان خصوصی اسپیشل سیکرٹری تعلیم ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر عبید اللہ کھوکھر کو ریٹائرمنٹ پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔


















