ملک کو تباہی سے بچانے کا ایک ہی طریقہ شفاف الیکشن ہیں، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کو تباہی سے بچانے کا ایک ہی طریقہ شفاف الیکشن ہیں۔
حقیقی آزادی مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ آج ملک کا ڈیفالٹ رسک 80 فیصد ہونا لمحہ فکریہ ہے، اس کا مطلب کوئی بھی باہر کا کمرشل بینک پاکستان کو قرضہ نہیں دے گا، ہمارے دور میں زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر تھے۔
عمران خان نے کہا: ’زرمبادلہ کے ذخائر، ایکسپورٹ اور ترسیلات زر کم ہو رہی ہیں اور قرضہ بڑھ رہا ہے، روپیہ گرتا دیکھ کر ابھی سے لوگ ڈالر خریدنا شروع ہو جائیں گے، سرمایہ کاری کے بجائے لوگ ڈالر خریدنا شروع ہو جاتے ہیں، اس سے مہنگائی مزید بڑھے گی اور غربت میں بھی اضافہ ہوگیا۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پہلی ہی کہا تھا ملک کی سلامتی داؤ پر لگ جائے گی، یہ سارے کام اپنے کیسز ختم کرانے کے لیے کر رہے ہیں، مجھے ایک اور خوف ہے کہ یہ کیسز ختم کروا کر ملک سے بھاگ جائیں گے، ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح اپوزیشن اور اپنے کیسز ختم کیے جائیں، یہ کوششیں پاکستان کے لیے نہیں اپنی چوری بچانے کے لیے ہے۔