ملتان ایشیاء کپ کی میزبانی کےلئے تیار
ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ شہر اولیاء میں ایشیاء کرکٹ کپ کا میلہ سجنے جارہا ہے، اس سلسلے میں قومی کرکٹ ٹیم کا 30اگست کو نیپال کی مہمان ٹیم سے ٹاکرا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے کرکٹ شائقین کی سہولت کیلئے بھرپور انتظامات کا آغاز کردیا ہے، سٹیڈیم اور روٹس پر سکیورٹی ،لائیٹنگ اور بھرپور سجاوٹ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی محکموں اور پی سی بی حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ انٹرنشینل کرکٹ ایونٹ کی بھرپور مہمان نوازی کرے گی، جبکہ کرکٹ ٹیموں اور شائقین کی سکیورٹی کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا۔
عمر جہانگیر کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ کیلئے خصوصی شٹل سروس اور ٹکٹ کاونٹرز قائم کئے جائیں گے، جبکہ سٹیڈیم کی صفائی اور مرمتی کاموں کا فوری آغاز کیا جارہا ہے۔
عمر جہانگیر نے کہاکہ ٹکٹوں کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی ترتیب دے دی۔
قبل ازیں پی سی بی حکام کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔