گبز اور وولکا سے 35 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری امپورٹڈ چینی برآمد
ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے سستی سرکاری چینی کی خوردبرد اور کمرشل استعمال کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کی ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے رات گئے چھاپہ مارکر ممتاز آباد سنٹرل جیل موڑ پر واقع معروف بسکٹ فیکٹری گبزاور وولکا میں کمرشل استعمال کیلئے لائی جانی والی 40 ہزار کلو سے زائد سرکاری امپورٹڈ چینی پکڑلی۔
ضلعی انتظامیہ نے 35 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری امپورٹڈ چینی برآمد ہونے پر مزکورہ فیکٹری سیل کرکے موقع سے گودام میں چینی ذخیرہ کرنے والا ایک ملزم بھی گرفتار کرلیا اور تھانے منتقل کردیا۔
ڈپٹی کمشنر کے حکم پر چینی مافیا کی سپلائی چین کو ٹریس کرنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے فوری طور پر دوسری کارروائی میں غلہ منڈی میں بھی چھاپہ مارا ، اور برآمد ہونیوالے سرکاری چینی کو بسکٹ فیکٹری کو سپلائی کرنے والے ڈیلر کا گودام بھی سیل کردیا۔
کارروائی کے دوران ڈیلر میاں محمد شکیل موقع سے فرار ہوگیا ، جس پر ضلعی انتظامیہ نے ملزم کی آڑھت حاجی خورشید اینڈ سنز کا گودام سیل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے بتایا کہ ڈیلر میاں محمد شکیل نے 725 بوری چینی بسکٹ فیکٹری کو غیر قانونی طور پر سپلائی کی۔چینی کے ایک ایک دانہ کی ریکوری کرکے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت پنجاب نے سرکاری سستی چینی عوام کو ریلیف دینے کیلئے فراہم کی عوام کے حق پر ڈاکہ ڈال کر اپنی تجوریاں بھرنے والے چینی مافیا کو شکنجہ میں لینگے۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ چینی چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے جارہے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فیکٹری کو 780 بوری چینی سپلائی کرنے والے ڈیلر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
سستی سرکاری چینی کو ہرصورت عوام تک 90 روپے فی کلو ریٹ میں پہنچانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ فیکٹری گودام سیل کرکے سرکاری چینی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کیا جارہا ہے۔