محرم الحرام کے موقع پر مثالی بھائی چارے و مذہبی رواداری کا پیغام
ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر ضلعی امن کمیٹی میں شامل تمام مسالک علماء کرام اور تاجر برادری نے قیام امن کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے علماء کرام اور عزاداروں سے محرم الحرام کے موقع پر مثالی بھائی چارے و مذہبی رواداری کا پیغام عام کرنے کی اپیل کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر سی پی او خرم شہزاد حیدر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر بھی شریک تھے، جبکہ سید علی رضا گردیزی ،مظہر گیلانی،مزین چاون،زاہد بلال قریشی،سید غوث انور گیلانی،سلیم بلالی عطاری ،عنایت اللہ رحمانی مولانا عبد الحق مجاہد،مولانا حفیظ اللہ شاہ مہروی ،علامہ انوار الحق مجاہد،خاور حسنین بھٹہ،مفتی محمد عثمان پسروری،ایوب مغل،آصف اخوانی،سید محمد محسن،عبدالرحیم گجر،حافظ فاروق خان سعیدی،مظہر جاوید،اصغر عباس نقوی،ڈاکٹر صدیق خان قادری،عزیز الرحمن انصاری،ظفر اقبال صدیقی،عمران مصطفیٰ کھوکھر سمیت امن کمیٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن کیلئے تمام مکاتب فکر ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔حساس جلوسوں اور مجالس پر امن کمیٹی کے ارکان موجود رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دین اسلام کی تعلیمات کو عام کرکے بھائی چارے کا کلچر فروغ دینا ناگزیر ہے، جبکہ انتہاء پسندی کے خلاف قانون فوری حرکت میں آئے گا۔
سی پی او خرم شہزاد حیدر نے کہا کہ جلوس اور مجالس کے مقررہ اوقات کار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، حساس مقامات پر سکیورٹی کیمروں سے کڑی سکریننگ ہوگی۔
خرم شہزاد حیدر نے اپیل کی کہ علماء کرام اور سول سوسائٹی شرپسند عناصر کی حوصلہ شکنی کریں۔
قبل ازیں علماء کرام، لائسنداران اور تاجر برادری نے اجلاس میں قیام امن کیلئے بھرپور کاوشوں کی یقین دہانی بھی کرائی۔