ڈاکٹر خاور نوازش کو بڑی ذمے داری مل گئی
فپواسا (فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن) 25-2024ء کے انتخابات قائدِ اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوئے، جس میں مرکز اور مختلف صوبوں کے عہدیداران کا انتخاب ہوا۔
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے ڈاکٹر محمد خاور نوازش کو متفقہ طور پر فپواسا پنجاب کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ ڈاکٹر خاور نوازش بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اردو میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں، وہ اس سے پہلے دو بار اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن بی زیڈ یو کے جنرل سیکرٹری منتخب ہو چکے ہیں۔
منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خاور نوازش نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے تمام یونیورسٹی اساتذہ اور ان کی نمائندگان کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے مجھ پر اعتماد کیا، اس وقت صوبہ پنجاب کی یونیورسٹیوں کا سب سے بڑا مسئلہ مستقل وی سیز کا نہ ہونا ہے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ یونیورسٹیوں میں میرٹ کی بنیاد پر وی سیز کی تعیناتیوں کا عمل جلد از جلد مکمل کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل میں سے سب سے بڑا مسئلہ معاشی عدم توازن ہے، جسے ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے سرجوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔