پاکستان سمیت وسطی و جنوبی ایشیا کے دس ملکوں میں شدید زلزلہ ، اسلام آباد میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری
پاکستان کے علاوہ انڈیا، افغانستان اور چائنہ میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے
زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ، متاثرہ ممالک میں ترکمانستان، بھارت، قازقستان، پاکستان، تاجکستان، ازبکستان، چین، افغانستان اور کرغزستان شامل
پاکستان سمیت منگل کی رات تقریباً پونے دس بجے کے قریب نئی دہلی، بھارتی پنجاب اور شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
غیر ملکی جریدے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 تھی، جبکہ متاثرہ ممالک میں ترکمانستان، بھارت، قازقستان، پاکستان، تاجکستان، ازبکستان، چین، افغانستان اور کرغزستان شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
پشاور، کوہاٹ، صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، کوئٹہ راولپنڈی میں محسوس کیے گئے۔
اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاول پور ،لودھراں، ڈی جی خان سمیت میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اسکردو اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آ گئے۔ زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔ اب تک کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اٹھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔
زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام آباد کے اسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں کے پیش نظر پولی کلینک اور پمز اسپتال میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔