زکریا یونیورسٹی ملتان میں سیلاب زدگان کے لیے امدادی کیمپ قائم
بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان میں سیلاب زدگان کے لیے امدادی کیمپ قائم کردیاگیا ہے۔
بہاء الدین زکریایونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ، آفیسرز ایسوسی ایشن اور ایمپلائز ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون کے ساتھ قائم کردہ امدادی کیمپ کا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے دورہ کیا، اور ملک بھر کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بڑھ چڑھ کر تعاون کرنے پر زور دیا ۔
وائس چانسلر نے اساتذہ کرام و ملازمین سے درخواست کی کہ اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اور مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کو اکیلا نہ چھوڑیں اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔
اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض ، صدر آفیسرز رانا جنگ شیر ، صدر ایمپلائز ایسوسی ایش ملک صفدر حسین نے وائس چانسلر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کیمپ سے حاصل کردہ تمام رقم بینکوں میں جمع کرائی جارہی ہے، جہاں سے جلد ہی سیلاب زدگان کے لیے خوراک اور دیگر اشیاء خرید کر ان تک پہنچائیں جائیں گی۔
اس موقع پر اس کارخیر کے لیے اور سیلاب زدگان کی پریشانیوں کے خاتمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
جبکہ آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن اور دیگر ایسوسی ایشنز کیجانب سے لاکھوں روپے فوری طور پر قائم کردہ فنڈ میں جمع کرائے گئے۔
اس موقع پر سینیئر ڈین ڈاکٹر محمد عزیر ، ڈاکٹر ارسلان صدیقی ، ڈاکٹر فواد رسول ، ڈاکٹر جاوید سلیانہ سمیت دیگر فیکلٹی ممبران و ملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔