طالبات کا ایمرسن یونیورسٹی اور ایچ ای ڈی کے خلاف مظاہرہ
گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین بوسن روڈ ملتان کی طالبات و سٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں پلے کارڈ اٹھا کر بوسن روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر پنجاب ٹیچرز یونین اور سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے میں پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری راجہ کوثر سعیدی ،مجلس شہریان کے رانا محمد اسلم ساغر ، ایجو کیشنل اینڈ سوشل فورم چیف آرگنائزر میاں وقاص فرید قریشی ، سابق ایم پی اے مقصودہ انصاری، انجمن تاجران گلگشت کے صدر محمد نوید و طالبات کے والدین ودیگر شریک تھے۔
اس موقع پر رانا محمد اسلم ساغر ، راجہ کوثر سعیدی ، میاں وقاص فرید قریشی نے کہا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین بوسن روڈ ملتان ایک گنجان آباد علاقے میں واقع ایک اہم کالج ہے، جو بند بوسن تا سورج میانی تک کی طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔
گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین بوسن روڈ ملتان کے پی سی ون کے مطابق قائداعظم ھال ادارہ ھذا کا حصہ ہے جبکہ ایمرسن یونیورسٹی کی انتظامیہ اس عمارت کو بلا حق غریب طالبات سے چھین لینا چاہتی ہے، کالج کی نئی عمارت میں صرف 11 کلاس رومز ہیں جبکہ ایف ایس سی، ایف اے، آئ سی ایس، بی ایس، اے ڈی اے اور اے ڈی ایس کی 1600 طالبات کو ان تمام ڈسپلنز کے لئے 52 کلاس رومز درکار ہیں۔
اگر اختیار کے بل پر ایمرسن یونیورسٹی کی انتظامیہ نے قائد اعظم ہال کو ہتھیا لیا تو اس جدید دور میں بھی طالبات عین شہر کے مرکز میں واقع کالج میں کھلے آسمان تلے کلاس لینے پر مجبور ہوں گی۔
ہماری اعلی حکام سے گزارش ہے کہ وہ طالبات کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں اپنا کلید ی کردار ادا کریں۔
اس موقع پر سابق ایم پی اے مقصودی انصاری نے کہاکہ طالبات کے مستقبل سے کسی کو کھیلنے نہیں دیا جائے گا، میں خود وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کرکے اس مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کروں گی۔
بعد ازاں اے ڈی سی جی نے احتجاجی مظاہرہ پر پہنچ کر طالبات کے مسائل سنے اور انکے حل کی یقین دہانی کرائی، جس پر طالبات نے احتجاجی مظاہرہ ختم کر دیا ۔