ایچ ای سی نے یونیورسٹیوں کو نئے کالجوں اور اداروں کو الحاق دینے پر پابندی لگادی
ایچ ای سی نے پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں کو نئے کالجز اور اداروں کو الحاق دینے کی پابندی عائد کردی .
جس کے بعد زکریا یونیورسٹی نے الحاق دینے کےلئے طلب کی گئی درخواستیں منسوخ کرنے اور اس کا نوٹیفکشن واپس لینے کا اعلان کیا ہے .
یونیورسٹی حکام کا کہنا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کےلئے یونیورسٹیوں کی جانب سے کالجوں اور اداروں کو نئی الحاق دینے پر مکمل پابندی کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ ایچ ای سی کی الحاق کی پالیسی/ معیار پر جاری نظر ثانی کے ایک حصے کے طور پر آیا ہے، جس کا مقصد ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بڑھانا ہے، کیوں ایچ ای سی کے مشاہدے میں آیا تھاکہ کچھ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے کالجوں اور اداروں جن کو الحاق دیاگیا ان میں مناسب انفراسٹرکچر کا فقدان ہے، ایچ ای سی کی طرف سے جاری کردہ واضح ہدایات کے باوجود فیکلٹی، اور معاون سہولیات موجود نہیں تھیں ۔
جس پر ایچ ای سی نے مراسلہ جاری کیا جس میں ہدایت دی گئی کہ تمام یونیورسٹیاں کسی بھی کالج یا ادارے کے ساتھ ساتھ پروگراموں کو نئی الحاق دینے کو فوری طور پر روک دیں، جب تک کہ نظر ثانی شدہ ایس او پیز جاری نہیں ہوجاتے۔
تاہم، پہلے سے الحاق شدہ پروگراموں اور کالجوں/ اداروں کے لیے الحاق میں توسیع کی اجازت ہے، بشرطیکہ ایچ ای سی کا نامزد فرد تجدید کے لیے الحاق کمیٹی کا حصہ ہو، اور اگر کسی یونیورسٹی نے پرنٹ اور سوشل میڈیا پر شائع ہونے والے الحاق دینے سے متعلق اشتہار دیا ہے تو وہ اشتہار کو فوری طور پر واپس لیں۔
اگر ان ہدایات کی تعمیل نہ کی گئی تو کسی بھی ڈگری کی تصدیق نہیں کی جائے گی، اور ایس او پیز کے تحت اس یونیورسٹی کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔