’’نیا سال 2026 کیسا ہونا چاہیے‘‘ بارے ویمن یونیورسٹی میں سیمینار

ویمن یونیورسٹی ملتان کےڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام ’’نیا سال 2026 کیسا ہونا چاہیے‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
یونیورسٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ سیمینار کا مقصد طالبات اور اساتذہ میں اخلاقی ذمہ داری، سماجی شعور اور اجتماعی ترقی کے فروغ پر غور و فکر کو اجاگر کرنا تھا، سیمینار میں تعلیمی حلقوں، سول سوسائٹی اور معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔
سیمینار کی صدارت وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سال 2026 کو اخلاقی بیداری، مثبت طرزِ عمل اور نیکی کے عملی عزم کا سال بنانا ہوگا۔
طالبات حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا رہنما اصول بنائیں جو سچائی، انصاف، صبر اور ہمدردی کا مکمل ضابطۂ حیات فراہم کرتی ہیں حقیقی ترقی —چاہے وہ فرد کی ہو، ادارے کی یا قوم کی اخلاقی اقدار، قانون کی پاسداری اور دیانت داری کے بغیر ممکن نہیں، انہوں نے حضرت انسؓ کی زندگی کے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے ثابت قدمی اور حق پر قائم رہنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان 2026 کو تعلیمی معیار، تحقیقی جدت، کردار سازی اور سماجی خدمت کے حوالے سے ایک مثالی سال بنانے کے لیے پرعزم ہے، جس میں طالبات مرکزی کردار ادا کریں گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عدیلہ سعید، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعات کا کردار صرف تعلیم تک محدود نہیں بلکہ طلبہ کی اخلاقی و سماجی تربیت بھی ان کی ذمہ داری ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اخلاقی اقدار، قیادت اور سماجی شعور کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل رہے گا طالبات مثبت سوچ کو عملی نیکیوں میں تبدیل کریں کیونکہ چھوٹے اچھے عمل مل کر ایک بہتر معاشرہ تشکیل دیتے ہیں۔
سیمینار میںانجینئر ممتاز خان (سابق ڈائریکٹر کالا باغ ڈیم)، میر احمد کامران مگسی، سجاد جہانیہ (ڈائریکٹر انفارمیشن)، عامر شہزاد صدیقی، یاسمین خاکوانی ، زہرہ سجاد زیدی، ابرار خان، تاج ایم تاج اور نور امین نے خطاب کرتے ہوئے پائیدار ترقی،، ذمہ دار ابلاغ، خواتین کے بااختیار کردار، قانون کی پاسداری اور قومی یکجہتی پر زور دیا اور کہا کہ سال 2026 کو نیکی، اخلاقی جرات، تعلیمی ترقی اور سماجی ذمہ داری کا سال بنایا جائے گا۔
ویمن یونیورسٹی ملتان تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی کے ذریعے مستقبل کی ذمہ دار اور بااخلاق قیادت تیار کرے گی۔




















