اسٹیبلشمنٹ نے سبق نہیں سیکھا، امیدواروں کو فون پر کہا جارہا پی پی کو مضبوط کریں: عمران خان
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے کوئی سبق نہیں سیکھا، اور آج بھی پولیٹیکل انجینیئرنگ ہورہی ہے۔
کراچی میں خواتین کنونشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ملک کی تاریخ میں ایسے وقت آتے ہیں جسے تاریخ فیصلہ کن وقت کہتی ہے، اور آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بحران ہے، ایک آدمی کے فیصلے سے وہ بحران آیا جس کی پیش گوئی میں نے7 ماہ پہلےکردی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج جس جگہ کھڑے ہوئے ہیں اس میں جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کا ہاتھ ہے، بدقسمتی سے اسٹیبلشمنٹ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، آج بھی پولیٹیکل انجینیئرنگ ہورہی ہے، ایم کیو ایم کو اکٹھا کیا جارہا ہے، بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کو پیپلزپارٹی میں دھکیلا جارہا ہے، اور جنوبی پنجاب میں امیدواروں کو ان کے فون آ رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی کو مضبوط کریں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اسٹیبلشمنٹ خدا کے واسطے پولیٹیکل انجینیئرنگ نہ کرے، شفاف الیکشن اور مضبوط حکومت کے قیام کے علاوہ اس مصیبت سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ 90 کی دہائی سے پہلے پاکستان بہت آگے تھا، جب یہ کرپٹ خاندان اوپر بیٹھا تو 90 کی دہائی کے بعد بھارت ہم سے آگے نکل گیا، آج پاکستان تاریخ کے سب سے بڑے بحران سے گزر رہا ہے۔