بھارتی حکومت نے اکبر الہٰ آبادی کا نام بھی بدل دیا
لبھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اقتدار میں آنےکے بعد سے ہندو انتہا پسند ملک میں مسلمانوں کے ساتھ مسلم شناخت اور تاریخ کے بھی پیچھے پڑگئے ہیں۔
پہلے تاریخی شہر الہ آباد کا نام تبدیل کیا گیا اب برصغیرکے مشہور شاعر اکبر الہ آبادی کا نام بھی بدل دیا۔
یاد رہےکہ اکتوبر 2018 میں بھارتی ریاست اترپردیش میں اقتدار میں آنےکے بعد بی جے پی نے الہ آباد کا نام ‘پریاگ راج’ رکھ دیا تھا۔
اب یوپی حکومت نے اردو زبان کے معروف شاعر اکبر الہ آبادی کا نام بھی بدل کر ‘اکبر پریاگ راج’ رکھ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش حکومت کی ہائر ایجوکیشن کمیشن سروس نے اپنی ویب سائٹ پر الہ آباد کے تعارف میں اکبر الہ آبادی کا نام اکبر پریاگ راج لکھا ہے، ان کے علاوہ دیگر اور شخصیات بھی جو اپنے نام کے ساتھ الہ آبادی لگاتی تھیں ان کے نام ساتھ پریاگ راج جوڑ دیا گیا ہے۔
بی جی پی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی اس حرکت پر بھارت میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقیدکی جارہی ہے۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس حرکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہےکہ اکبر الہ آبادی کا شمار اردو زبان کے معروف شعرا میں ہوتا ہے، طنزو مزاح کے ساتھ معاشرتی رویوں پر بے باکانہ اور تنقیدی شاعری کے لیے مشہور اکبر الہ آبادی کو ‘لسان العصر’ بھی کہا جاتا ہے۔