انٹر سکول بیس بال چیمپئن شپ لوکل راونڈ
پاکستان میں بیس بال کی مقبولیت دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے، گراس روٹ لیول پر اس کھیل کو منظم کرنے کے لیے انٹر سکولز جیسے ایونٹس کا انعقاد قابل تحسین ہے۔
ان خیالات کا اظہار قومی بیس بال پلیئر صدر سینٹری ایسوسی ایشن ملتان رانا نثار احمد نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان اور ملتان بیس بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری انٹر سکول بیس بال چیمپئن شپ لوکل راونڈ کے سلسلہ میں گورنمنٹ ماڈل سکول گلگشت ملتان اور گورنمنٹ ہائی سکول بھینی کے مابین میچ کے موقع پر کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر چیف آرگنائزر ٹورنامنٹ محمد جمیل کامران بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ شروع سے ہی ملتان کو یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ یہاں سے بیس بال کا بھرہور ٹیلنٹ سامنے آتارہا ہے، جس نے بین الاقوامی اور قومی سطح پر اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے۔
انٹر سکول بیس بال ایونٹ میں بچوں کا ذوق و شوق قابل دید ہے۔
دریں اثناء کھیلے گئے میچ میں گورنمنٹ ہائی سکول بھینی نے گورنمنٹ ماڈل سکول گلگشت کو 14رنز سے ہرادیا، فاتح ٹیم نے پندرہ رنز بنائے، ان کی طرف سے وقاص محمد آصف محمد حماد طفیل احمد محمد نوید محمد حسن نے دو دو رنز بنائے جبکہ محمد احمد اور مدثر نے ایک ایک رنز بنایا، گورنمنٹ ماڈل سکول گلگشت نے صرف ایک سکور بنایا محمد انیس نے ایک رنز بنایا۔
کوچنگ کے فرائض انٹر نیشنل کوچ محمد حسن جمیل نے سر انجام دیے جبکہ نعمان سلیم محمد جمیل کامران صدام حسین وقاص اسماعیل ایمپائرنگ اور یوسف اکرم نے سکورنگ کے فرائض سر انجام دیے۔
جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول بھینی کے سپورٹس انچارج محمد کاشف اور ماڈل سکول گلگشت کے نعمت علی نے اس صحت مندانہ پروگرام میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔