میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ریسرچ پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس
زکریا یونیورسٹی ملتان میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ریسرچ پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، انسٹیٹیوٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈی کے زیر اہتمام اس کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی ریسرچر، جرنلسٹس، ادیبوں اور شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد علی کا کہنا تھا کہ ہم میڈیا کے دور میں جی رہے ہیں، اور اس ادارے نے میڈیا کے بڑے نام پیدا کیئے ہیں، یہ پہلی بین الاقوامی کانفرنس ہمارے لیئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے اور یہ کامیابی کے نئے راستے ہموار کرے گی۔
تقریب کے دیگر مہمانوں نے اسلاموفوبیا اور میڈیا ریسرچز پر طلباء سے گفتگو کی۔
کارڈیف یونیورسٹی کی پروفیسر سنتھیا کارٹر نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ خواتین نے میڈیا میں غیر ملکی سطح پر اپنا نام کمایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو ملکوں کے درمیان ثقافت کے فروغ کیلئے میڈیا کا بڑا اہم کردار ہے۔ کارڈیف یونیورسٹی برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر سٹوورٹ ایلن نے ڈیجیٹل جرنلزم کی اہمیت اور اس کے کردار پر بات کی، اور ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہوئی کہ ہم نے اس کانفرنس میں شرکت کی ہے اور اس طرح کی تقریبات طلباء کیلئے ضروری ہیں۔
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ظفر اقبال نے اپنی تقریر میں اسلاموفوبیا پر تفصیلی گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے مثبت رخ کو بین الاقوامی میڈیا پر دیکھانے کی ضرورت ہے۔
اس کے ساتھ لندن، شارجہ، امریکہ، چائنہ، ترکیہ اور دنیا بھر سے ریسرچرز اور سکالرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اس کانفرنس میں شرکت کی، اور دور جدید کی صحافت پر گفتگو کی۔
کانفرنس سے پروفیسر ڈاکٹر احسن بھٹی، ڈاکٹر عاصمہ، ڈاکٹر اقصیٰ ارم و دیگر فکلیٹی ممبران نے بھی خطاب کیا، اور اس بات پر زور دیا کہ ایسی کانفرنسز کا باقاعدگی سے انعقاد ہونا چاہیے۔