ویمن یونیورسٹی میں فارماسسٹ کاعالمی دن منایا گیا
دی ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ فارمیسی کے زیر اہتمام فارماسسٹ کا عالمی دن منایا گیا۔
ترجمان کے مطابق فارماسسٹ کے دن کے موقع پر تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں، انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی صنعت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور عوام میں صحت سے متعلق آگاہی بھی بڑھ رہی ہے ،یہ وہ بنیادی علامات ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ فارمیسی کا مستقبل بہت روشن ہے۔
تیزی سے بڑھتے ہوئے صحت کے مسائل کی وجہ سے فارماسسٹ کا کرداردن بدن اہم تر ہوتا جارہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ یونیورسٹی کاشعبہ فارمیسی اپنے قیام کے ساتھ ہی مارکیٹ میں اپنی جگہ بناچکا ہے اور عصر حاضرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تدریس و تحقیق سے روشناس کررہاہے۔
فارماسسٹ کے بغیر کسی بیماری کا علاج ممکن نہیں اور ایک اچھے صحت کے لئے معاشرے میں اچھے فارماسسٹس کا ہونا بہت لازمی ہے، ہمارے ملک میں فارماسسٹس کو اہمیت نہیں دی جا رہی، ایک مریض کے لئے مناسب دوائی کا انتخاب فارماسسٹ ہی کر سکتا ہے۔
رجسٹرار میمونہ خان نے کہا کہ ریسرچ کلچر کا فروغ ناگزیر ہے اورتعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کئے بغیرمطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوسکتے۔
یونیورسٹیوں کی پہچان اس میں ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں سے ہوتی ہے ہمارا شعبہ فارمیسی تیزی سے مقبولیت حاصل کررہا ہے۔
چیئرپرسن ڈاکٹر کنول رحمان نے کہا کہ تعاون، اشتراک اور شیئرنگ کی ضرورت ہوتی ہے اور جامعہ کراچی روز اول سے اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور تعاون کے ذریعے ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ملک کی معاشی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل جل کرکام کریں۔ شعبہ تعلیمی، تحقیق، ہسپتالوں اور صنعت میں سرکردہ فارماسسٹ تیار کرے گا۔
اس موقع پر پوسٹر اور ماڈل کی نمائش بھی کی گئی اور پوزیشن حاصل کرنی والی طالبات کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے، اس موقع پر آگاہی واک کی گئی جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی، واک میں اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔