ٹرانسپورٹ مافیا نے زکریا یونیورسٹی کا خانیوال بس روٹ نہ چلنے دیا
زکریا یونیورسٹی کی بس سروس کبیر والا تک چلتی ہے، جس کی وجہ سے اس علاقے کی طلباء و طالبات کو ہاسٹل کی ضرورت نہیں پڑتی، اسی طرح ملازمین بھی روانہ آتے جاتے ہیں۔
اسی سہولت کو دیکھتے ہوئے ایمپلائز یونین اور سوشل ویلفیئر خانیوال نے ایک بس خانیوال تک بھی چلانے کی درخواست دی تھی، جس کو زکریا یونیورسٹی کی ٹرانسپورٹ کمیٹی نے منظوری کرلیا تھا اور 16مارچ2023 کو اس کی حتمی منظوری کےلئے وائس چانسلر کو ارسال کردی گئی، جس کا آج تک فیصلہ نہ ہوسکا۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ خانیوال کے ایک ٹرانسپورٹ مافیا نے یہ بس سروس نہ چلنے دی، کیونکہ یونیورسٹی نے سیلف سسٹم پر اس بس کو شروع کرنا تھا جس کےلئے تین ہزارروپے ماہانہ ادائیگی تھی، جبکہ وہ ٹرانسپورٹ 12ہزار روپے ماہانہ فی کس وصول کررہا ہے۔
اس بس سروس کو رکوانے کےلئے صوبے کی اعلیٰ شخصیت کوبھی استعمال کیا گیا، اور اس طرح خانیوال کے طلباء طالبات بس سروس کو ترس گئے۔
انہوں نے زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے مطالبہ کیا کہ ابھی تعلیمی سیشن شروع ہونے والا ہے، اس لئے بس سروس شروع کی جائے اس سے یونیورسٹی میں داخلوں کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔
اس بارے میں چیئرمین ٹرانسپورٹ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر ناظم لابر کا کہنا ہے کہ ہم نے خانیوال بس سروس کا کیس حتمی منظوری کےلئے بھجوایا ہوا ہے، ابھی بسوں کی بھی کمی ہے، جیسے کیس کی منظوری ہوتی ہے روٹ چلا دیا جائے گا۔
یہ روٹ یونیورسٹی میں داخلوں کی کمی کو پورا کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوگا، اس لئے یہ یونیورسٹی کےلئے بہت ضروری ہے ۔