پی ایس ایل 9 : راولپنڈی میں ڈبل ٹاکرا؛ لاہور کے قلندرز نے جیت کا مزہ چکھ لیا ، جبکہ کراچی کنگز نے گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
راولپنڈی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 17 رنز سے شکست دے دی، رواں ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز کی یہ پہلی کامیابی ہے۔ اس سے قبل کراچی کنگز نے گلیڈی ایٹر کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ رسی وین ڈیر ڈوسن 64 رنز اور شاہین آفریدی 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس نے 2 جبکی نسیم شاہ، حنین شاہ، عمادوسیم، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو اچھا آغاز نہ مل سکا اور صرف 9 کے مجموعی اسکور پر ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے پھر دیکھتے ہی دیکھتے 36 رنز کے مجموعی اسکور پر یونائیٹڈ کی پانچ وکٹیں گر گئیں۔
اس کے بعد 38 کے مجموعی اسکور پر کرس جارڈن بھی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، یوں اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھٹے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ 73 رنز پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ساتویں وکٹ اعظم خان کی صورت میں گری جنہوں نے 29 رنز بنائے۔
نسیم شاہ 27 رنز، حنین شاہ 3 اور رومان رئیس 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان نے 4، شاہین آفریدی نے 2، ڈیوڈ وائس، جہانداد خان اور احسن حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیمیں رواں ٹورنامنٹ میں اپنے 8، 8 میچ کھیل چکی ہیں جس میں دونوں ٹیموں کا ایک، ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، رسی وین ڈیر ڈوسن، شائی ہوپ، سکندر رضا، احسن حفیظ بھٹی، ڈیوڈ ویز، شاہین آفریدی (کپتان)، جہانداد خان، زمان خان اور طیب عباس پر مشتمل تھی۔
جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان (وکٹ کیپر)، جورڈن کاکس، عماد وسیم، فہیم اشرف، حنین شاہ، نسیم شاہ اور رومان رئیس شامل تھے۔
قبل ازیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے 22ویں میچ میں کراچی کنگز نے گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 19.1 اوورز میں محض 118 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، جیسن رائے 15 جبکہ سعود شکیل 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں نوجوان اوپنر خواجہ نافع 17، کپتان رائلی روسو 10، سرفراز احمد 7 جبکہ شیرفین ردرفورڈ 9، عقیل حسین 14، محمد عامر 2، محمد حسنین 5 اور عثمان طارق ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 4 جبکہ زاہد محمود اور بلیسنگ مزاربانی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی کنگز نے 15.3 اوورز میں 119 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں کپتان شان مسعود محض 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم جیمز ونس اور ٹم سائفرٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ جیمز ونس وکٹ گنوا بیٹھے، جبکہ ٹم سائفرٹ 49 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ شعیب ملک 27 اور عرفان خان نیازی 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر، عقیل حسین اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی مسلسل ناکامیوں کے تسلسل کو توڑ کر جیت حاصل کریں۔
اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر پلے آف مرحلے تک رسائی کو مزید آسان بنانے کی کوشش کریں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکواڈ کپتان رائلی روسو، جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافے، سرفراز احمد، شیرفین ردرفورڈ، عقیل حسین، عثمان طارق، محمد حسنین، محمد عامر اور ابرار احمد پر مشتمل تھا ۔
جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم میں کپتان شان مسعود، ٹم سائیفرٹ، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، عرفان خان، محمد نواز، حسن علی، میر حمزہ، زاہد محمود، بلیسنگ مزاربانی شامل تھے ۔
واضح رہے کہ گلیڈی ایٹرز کی پلئینگ الیون میں دو تبدیلیاں کی گئیں، سہیل خان اور محمد وسیم کی جگہ محمد عامر اور محمد حسنین کی ٹیم میں واپسی ہوئی جبکہ کراچی کنگز میں کیرون پولارڈ کی واپسی ہوئی اور لیوس ڈو پلوئے کو آرام کروایا گیا۔