ایل ایل بی جعلی ووچر اور رجسٹریشن کیس : ایک ہفتے میں ذمے داروں کا تعین کرنے کا حکم
چانسلر وگورنر پنجاب نے ایل ایل بی جعلی ووچر اور رجسٹریشن کیس کا فیصلہ ایک ہفتے میں کرنے اور ذمے داروں کا تعین کرنے کاحکم دےدیا ، یونیورسٹی نے کمیٹی تشکیل دے دی ۔
تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی کے ایل ایل بی کیس اور جعلی ووچر کیس روزنامہ دنیا سامنے لایا تھا جس کی باز گشت تین روز قبل قومی اسمبلی میں سنی گئی، جہاں پر متعدد ایم این اے نے کہا کہ زکریا یونیورسٹی ایل ایل بی کے طلبا کے مستقبل سے کھیل رہی ہے۔
جس پر گورنر پنجاب نے زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، رجسٹرار، کنٹرولر امتحانات کو طلب کیا تھا، جس پر گزشتہ روز ایک اہم اجلاس گورنر ہاوس میں منعقد ہوا ، جس کی صدارت چانسلر گورنر چودھری سرور نے کی جبکہ وائس چانسلر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی، رجسٹرار صہیب راشد خان ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر امان اللہ ، اور سیکرٹری ایچ ای ڈی سید جاوید اقبال نے شرکت کی۔
گورنر نے اس کیس سے جڑے تمام مسائل کو غور سے سنا اور حکم دیا کہ یونیورسٹی فوری پر ایک کمیٹی تشکیل دے کرذمے داروں کا تعین کرے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے ، اور طلبا کو ریلیف دینے کے اقدامات کرے ، جس کے بعد زکریا یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک کمیٹی تشکیل دے دی جس کے کنوینئر چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ناظم حسین لابر ہوں گے، جبکہ ممبر ان میں ڈاکٹر رضیہ شبانہ اور اسسٹنٹ رجسٹرار لیگل شامل ہوں گے۔
کمیٹی سینڈیکٹ میں پیش ہونے والی رپورٹ کی روشنی میں ذمے داروں کا تعین کرے گی ۔