زکریا یونیورسٹی میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد
پنجاب بھر کی طرح میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بھی میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ۔
بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں 27 سنٹرز قائم کیے گئے، اور مجموعی طور پر 17ہزار 918 امیدواروں نے شرکت کی ، جبکہ طلبہ کے ہمراہ آنے والے لواحقین کے بیٹھنے کے لیے وسیع بندوبست کیا گیا تھا ۔
ٹیسٹ کے لیے سیکورٹی اور ٹریفک کے حوالے سے بھی بہترین انتظامات کیے گئے تھے ۔
میڈیکل ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے سنٹرز کا دورہ کیا ۔
وائس چانسلر نے ٹیسٹ کے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ سمیت یونیورسٹی کے سٹاف اور ممبران کی تعریف کی اور کمشنر و ڈپٹی کمشنر ملتان اور پولیس حکام کے خصوصی انتظامات کو بھی بے حد سراہا ۔
دورہ کے موقع پر فوکل پرسن ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی و دیگر فکیلیٹی ممبران بھی موجود تھے ۔
ٹیسٹ کے موقع پر طلبہ کی سہولت کے لیے بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے ٹرانسپورٹ کا بہترین انتظام کیا تھا ۔
دوسری طرف زکریا یونیورسٹی میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانات کے کامیاب انعقاد پر وائس چانسلر نے سیکورٹی برانچ کے خصوصی پیغام جاری کردیا، جس میں کہاگیا ہے کہ ہے سیکورٹی آفیسر زاہد خان اور ان کی ٹیم نے جس طرح امتحان کو منعقد کرانے اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کےلئے کام کیا ہے۔
اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، سیکورٹی عملے کے ڈسپلن سے زکریا یونیورسٹی کی ضلعی ایڈمنسٹریشن میں خوب تعریف ہوئی ہے یہ اس شعبہ کےلئے اعزازہے مجھے امید ہے سیکورٹی عملے مستقبل میں بھی اسی طرح اپنے فراٗئض سرانچام دیتا رہے گا ۔
علاوہ ازیں ایم ڈی کیٹ کے امتحان میں بھکر سے آنے والا بچہ گم ہوگیا، گزشتہ روز ایم ڈی کیٹ کے لئے زکریا یونیورسٹی میں بھکر سے ایک فیملی آئی ، جن کا ایک بچہ احمد مجتبیٰ گم ہوگیا، جس کی تلاش شروع ہوئی ایمپلائز یونین کے صدر ملک صفدر حسین نے اس بچے کی تصویر اور تفصیل سوشل میڈیا پر جاری کی تاہم شام چھ بجے یہ بچہ نو نمبرچونگی سے مل گیا ۔