ویمن یونیورسٹی ملتان میں محفل میلاد کا انعقاد
ویمن یونیورسٹی ملتان میں محفل میلاد مذہبی جوش وخروش سے منعقد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق یونیورسٹی ملتان کے کچہری کیمپس میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا،جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹرکلثوم پراچہ تھیں۔
اس موقع پر قرات اور نعت خوانی قاریہ آمنہ نے پیش کی ، وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسالت ماب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت سے تمام جہانوں کو روشنی ملی۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تشریف آوری سے قبل عورت پر ظلم کیاجاتا تھا مگر آپؐ نے عورت کو اس کا مقام دیا، نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عورتوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی۔
انہوں طالبات سے کہا کہ وہ سیرت طیبہؐ اور قرآن پاک کو با ترجمہ پڑھیں تاکہ اسوۂ رسولؐ کے مطابق زندگی بسر ہوسکے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، جن پر عمل کر کے ہم اللہ کا قرب حاصل کر سکتے ہیں۔ .حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کو قرآن پاک کا عکس قرار دیا گیا ہے جو امت مسلمہ کے لیے مکمل رہنمائی اور ہدایت ہے۔
رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹرمیمونہ خان نےکہا کہ حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا، اور آپﷺ کی زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفقت و محبت کی مجسم تصویر ہے، آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی ہیں اور انسانیت کے لیے رہنمائی کا لازوال ذریعہ ہیں، آپؐ کی تعلیمات دور حاضر سمیت رہتی دنیا تک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں اسلام کی تعلیمات ہی ہماری آنے والی نسلوں اور ملک کو مضبوط بناتی ہیں ۔
ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہاللہ تعالیٰ کی وحدانیت، سماجی انصاف، حقوق العباد، صنفی مساوات اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ہدایات اسلام کے پیغام کی جامعیت اور عالمگیریت کی آئینہ دار ہیں اس موقع تمام اساتذہ اور طالبات بھی موجود تھیں۔