میپکو چیف کی کھلی ای۔کچہری:صارفین کو تسلیاں دیتے رہے
رمضان المبارک کے دوران جنوبی پنجاب کے 13اضلاع کے صارفین کو بلاتعطل اور تسلسل کے ساتھ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔
صارفین کے لئے آسانیاں پیداکرنا ہماری ذمہ داری ہے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سروسز فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔
ان خیالات کااظہارچیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئراکرام الحق نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں صارفین کی آن لائن شکایات سننے کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے قیام مقصد صارفین کے مسائل فوری طورپر حل کرناہے۔
تمام سپریٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سب ڈویژنل، ڈویژنل اور سرکلوں کی سطح پر قائم کسٹمرسروسز سنٹرز اور شکایات مراکز میں درج ہونے والی آن لائن شکایات کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں اور اس کی رپورٹ ہیڈ کوارٹر بھیجیں، تاکہ ہر سب ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لیاجاسکے۔
افسران شکایات مراکز میں خود بھی چیکنگ کریں اور شکایات کے ازالے پر مامور سٹاف کی ٹی اینڈ پی اور سیفٹی ایس او پیز کی کارکردگی بھی چیک کریں۔
بار بار جلنے والے ٹرانسفارمرز کی استعدادکار میں اضافہ کیاجائے اور خطرناک مقامات کی ہنگامی بنیادوں پر درستگی یقینی بنائی جائے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئراکرام الحق نے گیارہ بجے صبح سے دن ایک بجے تک مسلسل 2 گھنٹے جاری رہنے والی ”ای کچہری“میں 62صارفین کی شکایات سُنیں ،جس میں نئے کنکشنوں کی تنصیب کی، خراب میٹروں کی تبدیلی کی، سپلائی میں تعطل آنے، ایل ٹی لائنوں کی تنصیب، کم وولٹیج، خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی تبدیلی، ٹرانسفارمرز کی استعدادکارمیں توسیع، نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب، پی وی سی /لوٹینشن تاروں کی تبدیلی، پول کی تنصیب، ہائی ٹینشن /لوٹینشن پروپوزلز، ٹوٹے ہوئے پولز کی تبدیلی اور دیگر نوعیت کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے صارفین سے درخواست کی کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا بلوں کی بروقت ادائیگی کرکے اپنا فریضہ پوراکریں۔
انہوں نے تمام آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور ایس ڈی اوز کو براہ راست فونز کرکے صارفین کی درج ہونے والی شکایات پر رابطہ کیا اور ان شکایات پر فوری کاروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل شکایات سنٹر عرفان محمود صدیقی اور ایس ڈی او ریجنل شکایات سنٹر محمدشبیر نے بھی ای کچہری میں صارفین کی شکایات سُنیں۔