میپکو نے واٹر سپلائی کا کنکشن منقطع کردیا، شہری بوند بوند کو ترس گئے
میپکو نے عدم ادائیگی کی وجہ سے واسا کے کنکشن منقطع کرنا شروع کردئے ، ملتان کی شہری آبادی قاسم بیلہ واٹر سپلائی سنٹر کا میٹر اتار لیا، شہری بوند بوند کو ترس گئے۔
تفصیل کے مطابق قاسم بیلہ کی عوام سرکاری پانی کی بندش کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔
واسا حکام کی جانب سے علاقہ کی عوام کو سیوریج اور پینے کے صاف پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے کچھ سال قبل ایک سکیم شروع کی گئی تھی، مگر میپکو کا 7لاکھ روپے بل ادا نہ ہوسکا جس کے بعد میپکو عملہ میٹر اتار کر لے گیا، اب عوام گزشتہ تین روز سے پانی کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں ۔
اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ واسا حکام نااہلی کی وجہ سے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں، ہم ہر ماہ وقت پر بل کی ادائیگی کرتے ہیں، ہمارا کیا قصور ہے ۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بجلی کا کنکشن بحال کرکے پانی کی سپلائی دوبارہ شروع کی جائے، ورنہ احتجا ج کیا جائے گا۔