زرعی یونیورسٹی میں یوم آزادی کی بڑی تقریب

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں پاکستان کا 78واں یومِ آزادی بھرپور ملی جذبے اور ولولے کے ساتھ منایا گیا۔
رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد ہوا، جن کی صدارت رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی، تقریبات کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہل پاک وطن کو جشن آزادی مبارک ہو،آج ہم پاکستان کا جشن آزادی اس تھیم "حصول آزادی تک”کے ساتھ منا رہے ہیں،جو ہمین یاد دلاتا ہے کہ ہماری جدوجہد صرف 1947ء میں مکمل نہیں ہوئی بلکہ سفر آج بھی جاری ہے۔یومِ آزادی ہمیں قربانی، اتحاد اور محنت کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے طلباء، اساتذہ اور عملے پر زور دیا کہ وہ تعلیم و تحقیق اور عملی میدان میں خدمات کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اس موقع پر طلبہ و طالبات نے خوبصورت ملی نغمے، دلچسپ خاکے اور جوش و خروش سے بھرپور تقاریر پیش کیں، جنہوں نے شرکاء کے دل جیت لیے۔
مقررین نے بالخصوص افواجِ پاکستان کی اُن عظیم کاوشوں کو سراہا جن کے نتیجے میں جنگ 2025 میں دشمن کو محض چند گھنٹوں کی شاندار کارکردگی سے عبرت ناک شکست دی گئی۔
شرکاء نے عزم کیا کہ پاکستان کی آزادی بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے اور اس کے استحکام و تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کی جانب سے فیکلٹی، ایڈمنسٹریشن اور طلباء کے لیے دلچسپ کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں کرکٹ، ٹگ آف وار، بیڈمنٹن اور مختلف انڈور گیمز شامل تھیں۔
کرکٹ میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ایڈمنسٹریشن کی ٹیم نے جیت لیا۔اسی دوران پلانٹ فار لائف سوسائٹی نے ماحولیاتی تحفظ کے جذبے کے تحت ہزاروں پودے عوام میں مفت تقسیم کیے اور کیمپس سمیت شہر کے مختلف مقامات پر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔
یونیورسٹی کی دیگر سوسائٹیز اور اسکاؤٹس یونٹ نے بھی شاندار پرفارمنس پیش کی۔
اس موقع پر فیکلٹی سٹاف اور یونیورسٹی طلبہ کے علاوہ مدارس کے طلبہ و طالبات نے بھی بھرپور شرکت کی۔ سال بھر میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو اعزازی اسناد اور شیلڈز پیش کی گئیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف طلباء میں قومی یکجہتی کو فروغ دیتی ہیں بلکہ معاشرتی اور حب الوطنی کے جذبات کو بھی مضبوط کرتی ہیں، اور یہی جذبہ پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔


















