نواز شریف زرعی یونیورسٹی کا تیسرا کانووکیشن
گورنر پنجاب و چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میاں محمد بلیغ الرحمان نے محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے تیسرے کانوکیشن کے موقع پر کہا کہ آج کا دن خوشی کا دن ہے، گریجویٹ گولڈ میڈل اور ڈگری لے کر آگے بڑھ رہے ہیںش اور پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کی کامیابی سے آپ کا خاندان اور ملک بہتری کی طرف بڑھ رہا ہے۔
میری طرف سے اس کامیاب کانوکیشن پر وائس چانسلر ایڈمنسٹریشن فیکلٹی اور خصوصا طلباء و طالبات کو مبارکباد ہو۔
آپ پاکستان کا بہترین اثاثہ ہیں مجھے اس ادارہ میں آکر بے حد خوشی محسوس ہوتی ہے کہ خصوصاً جنوبی پنجاب کا یہ ادارہ ریسرچ کے میدان میں بہترین کام کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے تب بے حد خوشی ہوئی جب ایک بچے کا والد میڈل لینے آئے تو انہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا اس وقت ہالینڈ میں اعلیٰ تعلیمی ڈگری حاصل کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی شعبوں کی بہتری کے لیے اعلی سطح اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ ہمارے طلباء ہمارا فخر اور اثاثہ ہیں، پاس آؤٹ طلباء و طالبات جنہوں نے میڈلز اور ڈگریاں وصول کیں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
رئیس جامعہ نے مزید کہا کہ بہت ہی کم عرصے میں زرعی یونیورسٹی ملتان نے ریسرچ اور دیگر شعبہ جات میں نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنا نام بنایا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی حالیہ رینکنگ میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انڈسٹری اور اکڈیمیا کے باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ڈاکٹر آصف علی نے تمام آنے والے معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب،وائس چانسلر،سیکرٹری زراعت ساؤتھ پنجاب ثاقب علی عطیل اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ کے ہمراہ پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر سینیٹر رانا محمود الحسن،وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف، پروفیسر ڈاکٹر سجاد خان،وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ، وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سجاد خان،حاجی عطاء الرحمن،رانا طاہر شبیر،قاسم خان لنگاہ، ڈاکٹر محمد شفیق پتافی،کنٹرولر امتحانات ذوالفقار علی تبسم، ڈینز سمیت ، انڈسٹری،کسانوں فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔