تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا اور جامع منصوبہ تیار

سرکاری اسکولوں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے پنجاب حکومت نے صوبائی سطح پر ایک نیا اور جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت سرکاری اسکولوں میں تدریسی نظام کو مؤثر بنانے، اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور تعلیمی پالیسی سازی کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اساتذہ کی تربیت اور ڈیٹا کلیکشن کے لیے ایک نیا اقدام اٹھایا گیا ہے، جس کے تحت سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کا جامع ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔
اس ڈیٹا کی مدد سے تعلیمی منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پنجاب نے برٹش کونسل پاکستان کے ساتھ اشتراک بھی کیا ہے، جس کے ذریعے جدید تدریسی مہارتوں، تربیتی پروگرامز اور کیپسٹی بلڈنگ پر کام کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں اساتذہ کی تربیت کے عمل کو تیز کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار میں واضح بہتری لائی جا سکے۔اس حوالے سے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اس پروگرام میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بھی شامل ہوں گے، جو تکنیکی معاونت اور تعلیمی بہتری کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
حکومتی حکام کے مطابق اس منصوبے کے نفاذ سے سرکاری اسکولوں کے تعلیمی نظام میں بہتری، اساتذہ کی کارکردگی میں اضافہ اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔




















