وائس چانسلرز کی تعیناتی : نئی سرچ کمیٹیاں قائم
پنجاب کابینہ نے ملتان سمیت صوبے کی 30 سے زائد جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتیوں کے لئے سرچ کمیٹیوں کی منظوری دے دی۔
تفصیل کے مطابق ملتان سمیت صوبے بھر کی 30 یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کےلئے سرچ کمیٹیاں قائم کردی گئیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے چھٹے اجلاس میں بنائی گئی ان سرچ کمیٹیوں کا ٹاسک یونی ورسٹیز کے لئے مناسب وائس چانسلرز کو تلاش کرنا ہے۔
جنرل کیٹگری کی بڑی یونیورسٹیز کی سرچ کمیٹی کا سربراہ ریٹائرڈ بیوروکریٹ اسماعیل قریشی کو بنایا گیا ہے، لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اصغر، سابق بیوروکریٹ فرخندہ وسیم، امجد ثاقب جنرل کیٹگری سرچ کمیٹی کے ممبر ہوں گے، ماہر تعلیم ظفر اقبال قریشی جنرل کیٹگری کی نئی یونیورسٹیز کی سرچ کمیٹی کے سربراہ ہیں۔
ریٹائرڈ بیوروکریٹس فرخندہ وسیم، اعجاز منیر، سابق چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر نظام الدین سرچ کمیٹی کے ارکان ہین۔
گرلز یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کیلئے ماہر معیشت ڈاکٹر عاشہ غوث پاشا کو سربراہ بنایا گیا ہے، اس سرچ کمیٹی کے ارکان میں کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید، ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ شامل ہیں۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن تمام سرچ کمیٹیوں کے ممبر ہوں گے۔
پنجاب کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لئے نئے سرے سے اشتہار دیا جائے گا، 65 سال سے زائد عمر کے امیدوار وائس چانسلر بننے کے لئے اہل نہیں ہوں گے جبکہ انٹرویو کے لئے کوالیفائی کرنے کے لئے وائس چانسلرز امیدوار کے لئے 75 فیصد سے 80 فیصد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔