نیوزی لینڈ نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کردیا
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز منسوخ کردی گئی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی جس کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شاید کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پھر یہ خبر سامنے آئی کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے میچ منسوخ کیا گیا ہے تاہم اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کردیا ہے اور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتایا ہے۔
اس حوالے سے پی سی بی نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آج اچانک آگاہ کیا کہ انہیں سکیورٹی الرٹ موصول ہوا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی کاکہنا ہے کہ وہ دورہ شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا خواہاں ہے تاہم نیوزی لینڈ کے اس اچانک یکطرفہ فیصلے سے کرکٹ شائقین کو مایوسی ہوئی ہےخبر ایجنسی کے مطابق سکیورٹی حکام، پی سی بی نےکئی گھنٹوں تک نیوزی لینڈکرکٹ ٹیم کو قائل کرنےکی کوشش کی لیکن نیوزی لینڈ ٹیم کو منانے کی کوششیں ناکام رہیں۔
اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے خود نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سے بھی بات کی اور انہیں سمجھایا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے، تاہم نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔