اولمپئن ارشد ندیم ملتان بورڈ کی تقریب میں شرکت کریں گے
اولمپئن ارشد ندیم تعلیمی بورڈ ملتان کی دعوت پر اپنے نام سے منسوب سپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔
اس سلسلے میں حافظ محمد قاسم چیئرمین تعلیمی بورڈ اور خرم شہزاد اسلم قریشی سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ پیرس اولمپکس 2024ء میں 118 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ کر ہمارے خطہ کے عظیم ایتھلیٹ ارشد ندیم نے 40 برسوں کے بعد پاکستان کیلئے اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہے اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
ہم فخر محسوس کر رہے ہیں کہ ارشد ندیم سال 2011ء سے سال 2013ء کے دوران تعلیمی بورڈ ملتان کے زیر اہتمام مسلسل دو برس منعقدہ ایتھلیٹکس گیمز میں نہ صرف شرکت کر چکے ہیں بلکہ انہوں نے تعلیمی بورڈ ملتان کی انٹر سکولز بوائز ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا بہترین ایتھلیٹ بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔
انہوں نے جیولین تھرو کے علاوہ گولہ ، تھالی زنجیر گولہ اور جمپ ایونٹس میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی تھی، جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم نے پہلی کوشش میں 49 میٹر نیزہ پھینکا تھا جو ملتان بورڈ جیولین تھرو کا نیا ریکارڈ تھا، ارشد نے دوسری کوشش میں 169 فٹ ( 54 میٹر سے زائد فاصلہ )پر نیزہ پھینک کر اپنا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔
ارشد ندیم کی تعلیمی بورڈ ملتان کے انٹر سکولز بوائز ایتھلیٹکس چیمپئن شپ2011-12 اور 2012-13 میں ریکارڈ ساز کارکردگی کے ساتھ بیسٹ ایتھلیٹ بننے کے بعد ان کا نام نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ پورے صوبہ میں گونجنے لگا تھا۔
اس بیسٹ ایتھلیٹ پرفارمنس کی بنیاد پر انہیں میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے خانیوال ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر رشید ساقی نے ملتان بورڈ انتظامیہ سے ریکارڈ حاصل کیا اور بعد میں انہوں نے ارشد ندیم کی تربیت کا بیڑہ اٹھایا، ارشد ندیم نے تعلیمی بورڈ ملتان کے زیر اہتمام منعقدہ انٹر سکولز بوائز ایتھلیٹکس میں جیولین تھرو کے علاوہ لانگ جمپ۔ ٹرپل جمپ۔ ہائی جمپ ۔شاٹ پٹ۔ ھیمر تھرو۔ ڈسکس تھرو کے مقابلوں میں بھی وکٹری سٹینڈ پوزیشن حاصل کی اور انہیں بیسٹ ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
رواں برس ہونے والے آل پاکستان انٹر بورڈز ایتھلیٹکس2023-24 مقابلوں میں ارشد ندیم کے چھوٹے بھائی علیم نے بھی تعلیمی بورڈ ملتان کی نمائندگی کی اور میڈل بھی جیتا ہے۔
ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس 2024 ء میں تاریخ ساز کارنامہ اور جیولین تھرو کا 118 سالہ ریکارڈ توڑنے پر تعلیمی بورڈ ملتان کھیلوں کے اس عظیم سپوت کی خدمات کو تعلیمی بورڈ ملتان کی انتظامیہ زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ملتان بورڈ سپورٹس کمپلیکس کا ارشد ندیم سپورٹس کمپلیکس رکھنے کا اعلان کررہا ہے، ںملتان بورڈ سپورٹس کمپلیکس کا نام تبدیل کر کے ارشد ندیم سپورٹس کمپلیکس رکھنے کی باقاعدہ منظوری ملتان بورڈ کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں حاصل کی جائے گی ۔
اس سلسلے میں تعلیمی بورڈ ملتان کے گورننگ بورڈ کا ہنگامی اجلاس 16 اگست کو طلب کر لیا گیا ہے، ون آٹیم ایجنڈے میں سپورٹس کمپلیکس کو ارشد کے ساتھ منسوب کرنے کی منظوری لی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو سپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کےلئے مدعو کیاگیاہے وہ واپسی پر تقریب میں شرکت کریں گے ۔