پاکستان انگلینڈ کی ٹیمیں آج ڈی ایچ اے کا دورہ کریں گی، رات گئے شیڈول تیار، امتحانات دینے والے طلباء پریشان
گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں موسم کی خرابی کی وجہ سے تاخیر سے ملتان پہنچیں تھیں، جس کے باعث وہ ڈی ایچ اے کے پروگرام میں شرکت نہ کرسکیں ،جس پر یہ پروگرام آج ہوگا۔
ٹیموں کے دورے کی وجہ سے بوسن روڑ صبح سات بجے سے ٹیم کی واپسی تک بند رہے گا ،جس کی وجہ سے اس روٹ پر قائم تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے ، پولیس حکام نے رات گئے سیکورٹی ایڈوائزری بھی جاری کردی۔
دوسری طرف تعلیمی بورڈ ملتان کے تحت انٹرمیڈیٹ کا سالانہ امتحان جاری ہے ۔
آج انگلینڈ ٹیم کے بوسن روڈ پر وزٹ کی بناء پر یہ روڈ مکمل بند رہے گا ، مگر اس اطلاع کے باوجود بورڈ انتظامیہ اور کنٹرولر کی طرف سے آج کے انٹرمیڈیٹ (ایف ایس سی) کے میتھ کے پیپر سیکنڈ گروپ میں پیپر دینے والوں کے لئے متبادل انتظام نہ کیا جا سکا ۔
امیدوار اور والدین کنٹرولر حامد سعید بھٹی اور چئیرمین بورڈ حافظ قاسم کو فون بھی کرتے رہے مگر کنٹرولر کا فون کال ویٹنگ پر رہا ، جبکہ چئیرمین بورڈ حافظ قاسم کا فون بند رہا ۔
طلبہ و طالبات جن کے امتحانی مراکز بوسن روڈ پر قائم کالجز اور سکولوں میں بنے ہوئے تھے، وہ رات گئے تک پریشان رہے کہ وہ پیپر دینے کے لئے کیسے جا سکیں گے، مگر بورڈ افسران ٹس سے مس نہ ہوئے ۔
اس ضمن میں "ڈی رپورٹرز” نے رابطہ کیا ، مگر انکے وائس ایپ پر بیل توجاتی رہی، جبکہ کال پر ویٹنگ کا جواب آتا رہا اور حسب سابق چئیرمین حافظ قاسم کا فون پاورڈ آف تھا۔