شکریہ نیدرلینڈ، پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا
آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ڈو اور ڈائی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو چاروں شانے چت کردیا ، اور 128 رنز کا ہدف اوورز انیسویں اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں 57 رنز کا آغاز فراہم کیا، قومی کپتان بابر اعظم 25 رنز بنا کر نسوم احمد کی بال پر آؤٹ ہوگئے، صرف 4 رنز کے اضافے سے کپتان کے بعد محمد رضوان 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس بار کامیاب بولر عبادت حسین تھے، محمد نواز بھی صرف چار رنز کے مہمان ثابت ہوئے، اور لٹن داس کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔
اس موقع پر محمد حارث نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بولرز کو حاوی نہیں ہونے دیا، اور جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا، یہ وکٹ شکیب الحسن نے حاصل کی، افتخار احمد ایک رن بنا کر واپس لوٹ گئے،پاکستان کی جانب سے شان مسعود 14 گیندوں پر 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے اور صرف 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن، عبادت حسین اور نسوم حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بنا سکی، قومی بولرز کے سامنے بنگلہ بلے بازوں کی ایک نہ چلی اور سوائے اوپنر نجم الحسین کے کوئی بھی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹک سکا، نجم الحسین نے 52 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے کفایتی اور تباہ بولنگ کے ساتھ بنگلہ دیش کو کم اسکور پر محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے صرف 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاص کیں، نائب کپتان شاداب خان نے دو جب کہ افتخار احمد اور حارث نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں پاکستان کی فتح کے ساتھ ہی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی ، گروپ ون سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جب کہ گروپ ٹو سے پاکستان اور بھارت اگلے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں ۔
اس سے قبل کھیلے گئے اہم میچ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے فیصلہ کن میچ میں نیدر لینڈ نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔
ایڈیلیڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سپر 12 کے اہم میچ میں نیدر لینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا ہے، نیدر لینڈ کی جانب سے دیے گئے 159 رنز کے ہدف کے تعاقب کرنے میں جنوبی افریقی بیٹرز ناکام رہے، اور مضبوط ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 145 رنز ہی بناسکی کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری اسکور نہ کرسکا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے رلی روسو 25 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، کلاسین نے 21 اور ٹیمبا نے 20 رنز اسکور کیے۔
نیدر لینڈ کے برینڈن گلوور نے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کو دھچکا پہنچایا اور صرف 9 رنز دے کر 3 قیمتی وکٹیں حاصل کیں، فریڈ کلاسین اور ڈیلی نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے، میکرین کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
نیدر لینڈ کے بیٹر ایکر میں کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیدر لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، ایکرمین نے ناقابل شکست 41 رنز بنائے، اسٹیفن نے 37 اور کوپر نے 35 رنز جوڑے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے مہاراج نے دو، اینرچ اور میکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔