پاکستان سپورٹس بورڈ نے چیس فیڈریشن کے معاملات چلانے کے لئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی

پاکستان سپورٹس بورڈ نے آخر کار اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے چیس فیڈریشن آف پاکستان میں نیم ایڈہاک کمیٹی قائم کردی، جو شطرنج کھیل کو جاری رکھنے کےلئے اقدامات جاری رکھے گی۔

اس سلسلے میں جاری ایک مراسلے میں کہاگیا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے چیس فیڈریشن آف پاکستان کے تین اعلیٰ عہدیداران کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے، یہ اقدام ایڈجڈیکیٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے یکم جنوری 2026ء کے فیصلے کے مطابق لیا گیا ہے۔
معطل کیے جانے والوں میں صدر حنیف قریشی، سیکریٹری جنرل عمر خان اور فنانس سیکریٹری راجہ گوہر اقبال شامل ہیں، یہ معطلی آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے آڈٹ تک برقرار رہے گی۔
بورڈ نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ معطلی کے دوران یہ عہدیدار فیڈریشن کے انتظامی یا مالی معاملات میں کوئی اختیار استعمال نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی فیڈریشن کے دفاتر، ریکارڈز، اکاؤنٹس یا خط کتابت تک ان کی رسائی ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی فیڈریشن میں غیر مجاز طور پر تعینات کردہ مالی معاون/فنانس سیکریٹری وقار کی تقرری بھی فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے جبکہ فیڈریشن کے امور چلانے کے لیے بورڈ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں محمد شاہد (ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، پاکستان سپورٹس بورڈ،محمد اقتدار الدین (چیس فیڈریشن آف پاکستان) اور خضر حیات خان (اسسٹنٹ ڈائریکٹر/فوکل پرسن، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ) شامل ہیں۔
یہ کمیٹی چیس کی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے روزمرہ کے انتظامی اور ضروری عملی معاملات کی نگرانی کرے گی۔
جاری مراسلے میں کہاگیا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف پاکستان اسپورٹس بورڈ کے آئین 2022 کے رول 23(4) اور پاکستان کوڈ آف ایتھکس اینڈ گورننس ان سپورٹس 2024 کے کلاز 7(9) کے تحت بورڈ کے سامنے اپیل کی جا سکتی ہے۔




















