پیف کی بہاولپور میں بڑی تقریب
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر انتظام اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورمیں پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام فیز ون سے منسلک لائسنسیز کے لیے اورینٹیشن سیشن کا اہتمام کیا گیا، جس کا دورانیہ دو دن پر محیط تھا۔
اورینٹیشن سیشن میں ممبر صوبائی اسمبلی فورٹ عباس کاشف پنسوتہ نے بطور مہمان ِ خصوصی شرکت کی، اورینٹیشن سیشن میں ضلع بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور لودھراں کے تعلیم یافتہ نوجوانوں، این جی اوز اور ایجوکیشن چینز سے منسلک 492 لائسنسیز نے شرکت کی۔
اورینٹیشن سیشن کے دوران لائسنسیز کو سکولوں کی تدریسی اور انتظامی امور سے متعلق ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام سے متعلق ایس او پیز، سکولوں کی مانیٹرنگ کے نظام، سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم، کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ، نئے داخلوں کے طریقہ کار، ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات، سکولوں کے ریکارڈ،ماہانہ انرولمنٹ کی فراہمی، سکولوں کی سکیورٹی اور حفاظتی انتظامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
سیشن کے دوران لائسنسیز کو سکولوں میں قرآن پاک کو بطور مضمون پڑھانے کی تلقین کی گئی۔لائسنسیز کو پیف کے بتائے گئے نمونے کے مطابق سکولوں کے باہر نمایاں جگہ پر بورڈ آویزاں کرنے اور بورڈ پر لکھی جانے والی تحریر کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا گیا۔
سیشن کے دوران لائسنسیز کو پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام سے متعلق دیگر اہم امور پر بھی تفصیل سے آگاہی دی گئی۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے اورینٹیشن سیشن میں ڈائریکٹر ریجنل آفس ملتان مظہر عباس خان، ڈائریکٹر آڈٹ رانا اشتیاق احمد خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔