سکول سربراہان کا پیف آفس کا دورہ
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول پروگرام سے منسلک 10پیف پارٹنرز کے وفد نے پیف صدر دفتر کا دورہ کیا۔
وفد نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) قراۃالعین میمن سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران نیو ایڈمیشن پالیسی برائے سال 2023-24،متعلقہ بورڈ سے الحاق کے لیے پیف پارٹنرز کو وقت دینے،سیکنڈری طلبا وطالبات کا رزلٹ بے فارم سے ویری فائی کرنے، پیف پارٹنرز کو جنس وار اور درجہ وار رجسٹریشن کی فراہمی کے لیے مناسب وقت دینے اور پیف پارٹنرز کو جنس وار الگ کیمپس کھولنے کی اجازت دینے سے متعلق دیگر امور پر گذارشات پیش کیں۔
ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) قراۃالعین میمن نے تعلیمی میدان میں پیف پارٹنرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام پیف پارٹنرز تعلیمی میدان میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیف انتظامیہ مختلف بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور ان اداروں سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اداروں کے باہمی تعاون سے پیف کے مالی وسائل کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، اور زیادہ سے زیادہ تعلیم سے محروم بچوں کو پیف کے تعلیمی دھارے میں لایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن میٹنگز کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، جس سے پیف پارٹنرز کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے پیف پارٹنرز جنہیں سکولوں میں کچھ سہولیات پورا نہ کرنے پر مسلسل جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں، وہ پارٹنرز فوری طور پر اپنی خامیوں کو دور کریں تاکہ بھاری جرمانوں سے بچا جائے۔