ایمرسن یونیورسٹی میں شجر کاری مہم کا افتتاح
ایمرسن یونیورسٹی ملتان اور محکمہ تحفظ ماحولیات حکومت پنجاب کے مشترکہ اقدام سے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے سبزہ زار میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی، جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات محمد ادریس تھے۔
تقریب کی صدارت وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کی جبکہ ان کے ہمراہ ڈاکٹر محمد فاروق رجسٹرار ، ندیم مشتاق خزانہ دار، ڈاکٹر محمد سہیل رضا ڈائریکٹر آئی ٹی، ڈاکٹر رابعہ عبد الرحمٰن بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے مہمان خصوصی محمد ادریس اور دیگر اہم شخصیات نے یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پودے لگائے اور ملک کی ترقی اور امن کے لیے دعا کی۔
تقریب کے انتظامات ڈاکٹر رابعہ عبد الرحمٰن اور ان کی ٹیم نے انجام دئیے وائس چانسلر نے تقریب میں شرکت پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو ماحول کی بہتری کے لیے اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس شجر کاری مہم کے ذریعے نہ صرف یونیورسٹی کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ ماحول کی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔
مزید برآں محکمہ تحفظ ماحولیات کے ساتھ ایک میٹنگ میں یونیورسٹی کے لیے موبائل لیب کے قیام اور ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کا معاہدہ بھی طے پایا۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی میں ایک گرین ہاؤس بھی بنایا جا رہا ہے جو تحقیق اور ماحولیات کے میدان میں اہم ثابت ہوگا۔ اس مہم سے متعلقہ تمام سرگرمیاں اور منصوبے یونیورسٹی کی تعلیمی اور تحقیقی صلاحیتوں کو مزید فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم قدم ہیں۔