وزیراعظم کا بلوچستان کےسیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، امداد کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ، اور جھل مگسی کے متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ، اور فضائی جائزہ لیا۔
انہوں نے متاثرہ علاقوں سے متعلق چیف سیکریٹری بلوچستان سمیت دیگر حکام سے بریفنگ بھی لی۔
وزیراعظم شہباز شریف بارشوں سے اب تک بلوچستان کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے جھل مگسی بھی پہنچے ، اور متاثرین سے ملاقات کرکے ان کی مشکلات معلوم کیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے متاثرین کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کا یقین دلاتے ہوئے مصیبت کے اس وقت میں حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
وزیراعظم نے جھل مگسی میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، گھر مسمار ہونے والے متاثرین کو 5 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ، جب کہ جن کے گھر جزوی طور پر منہدم ہوئے ان کو دو لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں کئی روز سے جاری بارشوں کے طوفانی اسپیل نے صوبے بھر میں تباہی مچا دی ہے ، اور درجنوں افراد سیلابی ریلوں میں بہنے، دیواریں اور چھتیں گرنے سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔