پی ایم ڈی سی نے تمام میڈیکل کالجز کو اگلے سال کی سالانہ فیس ایڈوانس لینے سے روک دیا
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے ملک بھر کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ طلباء سے اگلے سال (سیشن) کی سالانہ فیس پیشگی طلب نہ کریں۔
جاری مراسلے میں کہا گیاہے کہ جب تک طالب علم پیشہ وارانہ امتحان میں کامیاب ہوکر اگلے سیشن میں پرموٹ نہیں ہو جاتا فیس واجب الاد نہیں ہوگی، کونسل نے واضح کیا کہ کسی بھی طالب علم کو اگلے سال پروموٹ ہونے سے پہلے فیس ادا کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
مزید برآں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ طلبہ کو ماہانہ بنیادوں پر فیس ادا کرنے کی اجازت دیں، اگر کالج اگلے سال کے لیے کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں اور امتحان کے نتائج کے اعلان سے پہلے طلبہ کو ماہانہ ادائیگی والی سہولت دینا ہوگی۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے کہا کہ اس طرح کا ادائیگی کا انتظام نتائج کے اعلان تک جاری رہ سکتا ہے۔
طلباء کو ہدایت کی گئی ہے اگر کوئی کالج فیس کا مطالبہ کرتا ہے جو کہ ہدایات کے خلاف ہے اس صورت میں وہ پی ایم اینڈ ڈی سی کے پاس شکایت درج کریں۔
کالجوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ان کے خلاف پی ایم اینڈ ڈی سی ایکٹ 2022 کی متعلقہ شق کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔