Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر کو مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں پر معطل کردیا گیا

پاکستان سپورٹس بورڈ نے چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر کو مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں پر معطل کردیا، آڈٹ کی کلیئرنس تک جنرل سیکرٹری اورخزانہ دار بھی معطل رہیں گے۔

تفصیل کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مقرر کردہ ایڈجوڈیکیٹرشکیل درانی نے پاکستان شطرنج فیڈریشن میں مبینہ مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کے معاملے پر سخت احکامات جاری کر دیے ہیں۔

یکم جنوری 2026 کو جاری ہونے والے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کو اپنے آئینی اختیارات کے تحت یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے افسران، ملازمین، مشیروں اور دیگر عہدیداران کے لیے شرائط و ضوابط وضع کرے، وابستہ فیڈریشنوں اور تنظیموں کے لیے قواعد مرتب کرے، بورڈ کے سالانہ آڈٹ شدہ کھاتوں کی منظوری دے، مالی و انتظامی فیصلے کرے اور الیکشن کمشنر کی تقرری سمیت اس کی شرائط کا تعین کرے، نیز پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھائے۔

فریقین کی جانب سے پیش کیے گئے مکمل ریکارڈ کا جائزہ لینے اور متعدد سماعتوں کے دوران دلائل سننے کے بعد حکم دیا کہ پاکستان شطرنج فیڈریشن کے تین اہم عہدیداران، جن میں صدر حنیف قریشی، فنانس سیکرٹری راجہ گوہر اقبال اور جنرل سیکرٹری عمر خان شامل ہیں، کو فوری طور پر ان کے عہدوں سے معطل کر دیا جائے ۔

حکم کے مطابق یہ تینوں عہدیداران فیڈریشن کے دفتر میں مکمل طور پر کام کرنے سے بھی معطل رہیں گے، جبکہ اتھارٹی حتمی نتائج کی روشنی میں مزید مناسب احکامات جاری کرے گی، اس کے ساتھ ہی مسٹر وقار کی خدمات بھی واپس لینے کا حکم دیا گیا ہے، جنہیں مبینہ طور پر غیر منظور شدہ عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان شطرنج فیڈریشن کے تمام متعلقہ بینک اکاؤنٹس اور ڈپازٹ اکاؤنٹس کو حتمی فیصلے تک بلاک رکھا جائے گا۔

فیصلہ کنندہ نے واضح کیا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے ذریعے نئے سرے سے آڈٹ کرایا جائے گا، جس میں یہ تعین کیا جائے گا کہ آیا مالی اور انتظامی قواعد کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور آیا فیڈریشن میں کسی قسم کی مالی بدانتظامی یا خرد برد واقع ہوئی ہے۔ اگر آڈٹ کے دوران کسی فرد کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

تاہم فیصلے میں اس امر کا بھی خاص طور پر خیال رکھا گیا ہے کہ ان اقدامات کے باعث ملک میں شطرنج کے کھیل کو مزید نقصان نہ پہنچے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیڈریشن کے کسی غیر جانبدار عہدیدار یا پی ایس بی کے کسی اہل افسر کو نامزد کرے تاکہ ادارے کے ضروری فرائض اور ذمہ داریاں بلا تعطل انجام دی جا سکیں۔

فیصلہ کنندہ کے مطابق یہ اقدام پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے اٹھائے گئے آئینی اور انتظامی سوالات کے حل میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button